کنگز آئندہ کے میچز جیت کر پلے آف میں جاسکتے ہیں : میتھیو ویڈ


لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کراچی کنگز کے آسٹریلوی کرکٹر میتھیو ویڈ نے کہا ہے کہ کراچی کنگز کا نیٹ رن ریٹ اسے ٹورنامنٹ میں بقا کی امیدیں دے رہا ہے، اگر اگلے تین میچز جیت لیے تو پلے آف کیلئے کوالیفائی کرسکتے ہیں۔ پشاور زلمی کیخلاف کراچی کنگز نے شاندار آغاز کیا تھا، پہلے بائولنگ میں زبردست آغاز کیا، ایک ایسا سٹارٹ جس کی ٹیم کو تلاش تھی اور پھر بیٹنگ میں بھی اچھی شروعات کیں لیکن مایوسی کی بات یہ ہے کہ دونوں شعبوں میں پشاور کو کم بیک کرنے کا موقع دیدیا۔ یہ مایوسی کی بات ہے کہ ایک ٹیم کو 7 رنز پر 3 کھلاڑیوں سے محروم کرنے کے بعد اسے 200 کے لگ بھگ رنز بنانے کا موقع دے دیا گیا، اس کے بعد بیٹنگ میں ہماری صورتحال ایسی ہوگئی کہ ہمیں گیارہ بارہ رنز فی اوورز درکار تھے جو کہ ہمیشہ آسان نہیں ہوتے، تو جو نتیجہ آیا اس پر مایوسی ہے۔ عامر کو ایک اوور مزید کروا دینے کا فیصلہ آسان نہیں تھا کیونکہ عامر اہم بائولر ہے اور اننگز کے اختتام پر بھی اس کی اہمیت ہے، یہ ان فیصلوں میں سے ایک تھا جو کپتان فیلڈ پر لیتا ہے، کبھی ایسا فیصلہ حق میں آتا ہے، کبھی حق میں نہیں آتا، آج حق میں نہیں آیا۔ ان کی خواہش تو تھی کہ میچ فنش کریں کیونکہ بطور ٹاپ آرڈر بیٹر یہ ان کا کام ہے، وہ ایک ایسی گیند کی تلاش میں تھے جس کو ہٹ کرسکیں، مگر بدقسمتی سے جس گیند کو ہٹ کرنے کی کوشش کی اس کو مس کر گئے۔ایک دو روز میں پھر سے موقع ملنا ہے اور اس بار کوئی غلطی کی گنجائش نہیں، کراچی کنگز کی پوری کوشش ہوگی کہ باقی تمام میچز جیت کر ٹورنامنٹ کے اگلے راونڈ تک جائے۔ نیٹ رن ریٹ خراب نہیں کیونکہ کراچی کنگز جو میچز ہارا ہے وہ چھوٹے مارجن سے ہارا ہے اور یہ بیٹر نیٹ رن ریٹ ٹورنامنٹ میں بقا کی امید ہے، کراچی کو اگلے تینوں میچز جیتنا ہیں اور یہی ٹیم کا فوکس ہے، امید ہے نتائج ٹیم کے حق میں ہوں۔

ای پیپر دی نیشن