اسلام آباد(نامہ نگار) مینارٹیز الانس پاکستان کے زیرِاہتمام گذشتہ روزقائدِ تحریک شہباز بھٹی کی جدوجہد اور قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے حوالے سے ان کی جائے شہادت آئی ایٹ تھری میں شمعیں روشن کی گیں ،مینارٹیز الانس پاکستان کے وائس چیئرمین شمعون الفریڈ گِل نے کہا کہ شہید شہباز بھٹی کی قربانی رایگاں نہیں جائے گی۔شہباز بھٹی شہید نے پوری دنیا میں پاکستان کا روشن خیال چہرہ پیش کیا وہ پاکستان میں بسنے والی مذہبی اقلیتوں کو معاشی،سیاسی اور معاشرتی طور پر مضبوط اور خوشحال دیکھنا چاہتے تھے وہ دہشت گردی کے ناسور کو پاکستان سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم کرنا چاہتے تھے شہباز بھٹی نے اپنی پوری زندگی مظلوم اور حقوق سے محروم لوگوں کے حقوق کے حصول کے لئے وقف کی اور مذہب کے نام پر تقسیم،تفریق کے خاتمہ کی جدوجہد کرتے ہوئے گزاری اور انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمہ کی جدوجہد کرتے ہوئے شہید ہو گئے،تقریب میں انوش بھٹی مرکزی آرگنازر، آصف جان صدر اسلام آباد فیاض بھٹی صدر راولپنڈی وقاص بھٹی،جمیل کھوکھر،پرنس ،سہیل رومی و دیگرنے خطاب کیا۔