معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی نے سیلاب متاثرین کے لیے 100 گھروں کی تعمیر مکمل کر لی۔گزشتہ دنوں حدیقہ کیانی کی جانب سے ان کی سیلابی مہم ’وسیلہ راہ‘ کے تحت بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 200 گھروں کی تعمیر کا اعلان کیا گیا تھا جس میں سے 100 گھروں کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے۔گلوکارہ نے بتایا کہ ان کی مہم کے تحت 100 گھروں کی تعمیرات مکمل کر لی گئی ہے جس میں ایک سکول ایک میٹرنٹی ہوم شامل ہے۔حدیقہ کیانی کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین میں بڑی تعداد میں حاملہ خواتین شامل تھیں جو موت کا شکار ہو رہی تھیں اس لئے میٹرنٹی ہوم کا قیام اہم تھا۔ان کا کہنا تھا کہ بہت مشکور ہوں کہ لوگوں نے وسیلہ راہ کی اس مہم پر بھروسہ کیا، ان کی مدد سے ہم تحصیل تمبو ضلع نصیر آباد بلوچستان میں 100 گھر تعمیر کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ساتھ ہی حدیقہ کیانی نے ان کی مہم میں رہنمائی کرنے اور بھرپور حصہ ڈالنے پر پاک فوج کا بھی شکریہ ادا کیا. گلوکارہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے بغیر یہ کام ممکن نہیں تھا۔