کابل (نوائے وقت رپورٹ) خطے میں دہشتگرد سرگرمیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کا ایک اور ثبوت منظرعام پر آ گیا۔ افغانستان میں بھارتی دہشتگرد کو گرفتار کر لیا گیا۔ بھارتی دہشتگرد ثناء الاسلام کو 29 فروری کو افغانستان کے شہر قندھار سے گرفتار کیا گیا۔ بھارتی دہشتگرد کا تعلق کیرالہ سے ہے اور وہ تاجکستان کے راستے افغانستان میں داخل ہوا۔ ثناء الاسلام نے بھارتی افسروں کے حکم پر افغانستان آنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی افسروں نے افغانستان میں داعش کے نمائندوں سے ملاقات کا حکم دیا تھا۔ افغانستان کی انٹیلیجنس ایجنسی نے ثناء الاسلام کو داعش سے رابطے کے جرم میں گرفتار کیا ہے اور اس نے داعش سے روابط کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔ سال 2016ء میں بھی ایک بھارتی خاتون داعش کے لیے کام کرنے پر گرفتار کی گئی تھی۔ نومبر 2019ء میں داعش کے لیے کام کرنے والی 10 بھارتی خواتین ننگرہار سے گرفتار ہوئی تھیں۔
افغانستان سے بھی بھارتی دہشتگرد گرفتار، خطے میں تخریب کاری کے مزید ثبوت سامنے آ گئے
Mar 03, 2024