لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش، ژالہ باری: خیبر پی کے میں تباہی، 23 افراد جاں بحق

لاہور؍ پشاور؍ راولپنڈی؍ اسلام آباد (خبر نگار+ نمائندہ نوائے وقت+ بیورو رپورٹ+ نمائندہ خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش اور ژالہ باری سے موسم سرد ہوگیا۔ شہریوں نے گرم پڑے نکال ئے۔ لاہور میں تیز بارش سے جل تھل ایک، زمین سفید اولوں سے ڈھک گئی۔ صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی جس سے ایک بار پھر سردی میں اضافہ ہوگیا۔ خیبرپی کے میں بارش نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میںمختلف اضلاع میں حادثات کے دوران23 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہوگئے۔ مٹہ میں مکان پر پہاڑی تودہ گرنے سے چار افراد جاں بحق، 11ملبے تلے دب گئے۔ جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ سوات مالم جبہ میں برفباری میں پھنسے ہوئے 6 سیاحوں اور کاغان راجگال میں محصور خاندان کے 4 افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ پاکستان آرمی کی طرف سے گوادر میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری48 گھنٹوں میں متاثرہ علاقوں کے خاندانوں کو خوراک، پانی، دوائیں اور بستریں فراہم کرنے کے بعد انہیں مختلف محفوظ کیمپوں میں منتقل کیا گیا۔ گوادر کے متاثرہ علاقوں میں ڈی واٹرنگ کارروائیاں جاری ہیں، جن میں ملا فاضل چوک، جنت بازار، شاہین چوک، سربندر اور جیوانی شامل ہیں۔20 خاندان GPA ریسٹ ہائوس میں مقام پذیر ہیں جبکہ43 خاندان ملاح بینڈ وارڈ سے فقیر کالونی اور ملاح بینڈ پرائمری سکول منتقل کئے گئے۔ سول انتظامیہ اور فوج کے34 واٹر پمپ علاقوں میں موجود8 میڈیکل کیمپس قائم کئے گئے۔ گوادر ائر پورٹ پر فلائٹ آپریشن بند کر دیا گیا۔ کلر کہار کے قریب موٹروے پر خراب موسم کے سبب 300 گاڑیاں ٹکرا گئیں۔ نجی کمپنی کی بس میں آگ لگ گئی، تمام مسافر محفوظ رہے۔ موٹروے کو کلیئر کر دیا گیا۔ لواری ٹل بند ہو گئی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی، سفید موتیوں کی مانند برف کے چھوٹے چھوٹے گولوں سے گلیاں سڑکیں بھر گئیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے واسا افسروں اور اسسٹنٹ کمشنرز کو فیلڈ میں رہنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، فیروزپور روڈ میں ژالہ باری ہوئی جبکہ مسلم ٹاؤن،برکت مارکیٹ، لبرٹی مارکیٹ میں تیز بارش ہوئی ہے۔ دوسری جانب مال روڈ اورگردونواح میں بارش اورژالہ باری ہوئی، کینال روڈ، جی پی او چوک ، لاہور پریس کلب کے اطراف میں بھی ژالہ باری دیکھی گئی۔گلشن راوی میں بھی تیزبارش اور ژالہ باری دیکھی گئی جبکہ ریلوے سٹیشن کے اطراف میں تیز بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ، افسروں اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں ۔ لوئردیر میں مکان پر مٹی کا تودہ گرنے کے باعث 3 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوا، باجوڑ کے علاقہ ماموند میں مکان کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق ہوئے، پشاور کے علاقہ نوتھیہ میں مکان کی چھت گرنے کے باعث 15 مویشی ملبے تلے دب گئے، جنہیں ریسکیو کر لیا گیا جبکہ ریلوے کالونی پشاور میں نعیم نامی شخص کے مکان کی چھت گرنے سے ایک مرد اور ایک خاتون زخمی ہوئے۔ دوسری جانب پشاور میں یونیورسٹی روڈ تالاب کا منظر پیش کرنے لگا جبکہ بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے۔ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی  کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 14بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش کے باعث پشاور میں 13 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 21 گھر مکمل تباہ ہو گئے۔ اسی طرح متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ سے بند سڑکوں کو کھولنے کا کام جاری ہے۔ مالم جبہ میں برف باری سے محصور 6 سیاحوں کو ریسکیو کر لیا گیا۔ طوفانی بارشوں کے دوران این ایچ اے کی سرتوڑ کو ششو ں سے مختلف متاثرہ شاہراہیں ٹریفک کیلئے بحال کر دی گئی ہے۔ ہٹاں بالا میں 2 روز سے جاری بارش، برفباری سے وادی لیپہ کا زمینی رابطہ منقطع، ضلع جہلم ویلی کے سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے۔ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پی کے، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباداور خطہ پوٹھوہار میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزیدبارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ پاک فوج کی جانب سے لواری ٹنل، کالام ، چترال اور مالم جبہ کے گردونواح میں شدید برفباری کے بعد ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ لواری ٹنل، کالام اور مالم جبہ میں شدید برفباری جاری ہے۔ پاک فوج کی ریسکیو ٹیمیں رات بھر متحرک رہیں اور سڑکوں سے برف ہٹانے کے ساتھ ساتھ پھنسے ہوئے مسافروں کو بھی ریسکیو کر رہی ہیں۔ پاک فوج کی جانب سے برفباری کے علاقوں میں پھنسے مسافروں کو ریسکیو یا جا رہا ہے اور قریب میں واقع آرمی کیمپوں سے کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ گذشتہ روز سے پاک فوج کی ریسکیو ٹیمیں شدید برفباری سے متاثرہ سڑکوں پر آمدورفت بحال کرنے کے لئے متحرک ہیں۔ پاک فوج، ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھاری مشینری کے ساتھ ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہیں۔ پاک فوج کی جانب سے شدید برف باری سے متاثرہ تمام سڑکوں پر آمدورفت کی مکمل بحالی تک کام جاری رہے گا۔

ای پیپر دی نیشن