لاہور(کامرس رپورٹر )مرکزی کریانہ ایسو سی ایشن پنجاب کے وفد نے لاہور چیمبر کا دورہ کیا اور صدر لاہور چیمبر کاشف انور سے کریانہ مرچنٹس کے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔وفد کی قیادت مرکزی کریانہ ایسو سی ایشن پنجاب کے صدر حافظ عارف گْجر کر رہے تھے جبکہ دیگر شرکاء میں جنرل سیکرٹری شیخ رضوان شوکت، چیئرمین شیخ وقاص،سینئر وائس چیئرمین میاں عامر شہزاد، وائس چیئرمین چوہدری ساجد اسلم اورچوہدری فلک شیر و دیگر شامل تھے۔ وفد نے کہا کہ کریانہ مرچنٹس کو سب سے بڑا مسئلہ ریٹ لسٹ کا ہو تا جسے ایوریج کی بنیاد پر ترتیب دیا جاتا ہے جبکہ قانونی طور پر ریٹ لسٹ بہترین کوالٹی اور کمتر کوالٹی کے ریٹ پر مبنی ہوتی ہے۔ ریٹ لسٹ کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انکا کہنا تھا کہ ملک میں ریٹ طے کرنے کا کوئی میکانزم ہی نہیں ہے۔ تاجروں کے خلاف پرچوں کا سلسلہ بند ہو نا چاہئے۔ صدر لاہور چیمبر کاشف انور کا کہنا تھا کہ لاہور چیمبر کریانہ مرچنٹس کے مسائل کو ہر فورم پر اٹھائے گا اور ان مسائل کے حل کے لئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائے گا۔مسائل کو حکومت پنجاب کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔
مرکزی کریانہ ایسو سی ایشن پنجاب کی صدر لاہور چیمبر سے ملاقات
Mar 03, 2024