پنجاب اقلیتوں کے حوالے سے محفوظ ترین صوبہ :خلیل جارج  

لاہور(نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی،پنجاب میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ سمیت سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاسٹر عمران افضل، شوکت عاشق، کلیم یونس، غلام رسول و دیگر وفد میں شامل تھے۔وفاقی وزیر انسانی حقوق خلیل جارج نے کہا کہ پنجاب اقلیتوں کے حوالے سے محفوظ ترین صوبہ ہے، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے میثاق سنٹرز کے قیام سمیت پنجاب پولیس کے فلاحی اقدامات کو سراہتے ہیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس اقلیتوں کے تمام مقدس پروگراموں، مذہبی مقامات کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہی ہے، پولیس میثاق سنٹرز کے قیام سے اب تک 40 ہزار سے زائد اقلیتی شہریوں کو خدمات فراہم کی جا چکی ہیں۔ جڑانوالہ سانحہ کے بعد پنجاب پولیس نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے قائدانہ کردار ادا کیا، میثاق سنٹرز کا مسیحی افسران پر مشتمل عملہ ترجیحی بنیادوں پر اقلیتوں کے مسائل حل کر رہا ہے، آئی جی پنجاب نے کہا مسیحی افسران و اہلکار پنجاب پولیس کا انتہائی اہم حصہ ہیں، اقلیتی کمیونٹی کے پولیس افسران اور اہلکار پنجاب پولیس میں شاندار خدمات انجام دے رہے ہیں، وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایک دوسرے کے ساتھ سوینئرز کا تبادلہ بھی کیا۔

ای پیپر دی نیشن