اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات،نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نگران دور حکومت میں جمہوریت اور آزادی اظہار رائے کو فروغ دینے کے لئے کام کیا،کوشش کی کہ عوام کو درست اور صحیح معلومات فراہم کی جائیں۔ نگران وزیر اطلاعات ونشریات مرتضی سولنگی کے اعزاز میں وزارت اطلاعات و نشریات میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ وزارت کی جانب سے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے نگران دور میں وزارت اطلاعات و نشریات کے حکام اور عملے کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران بحیثیت وزیر اطلاعات اپنے فرائض انجام دینے کا موقع ملنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔ وزارت اطلاعات کا قلمدان میرے لئے بہت بڑا اعزاز اور ذمہ داری تھی۔ تقریب میں سیکرٹری وزارت اطلاعات، ایڈیشنل سیکریٹری، پرنسپل انفارمیشن آفیسر، ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ، ڈائریکٹر جنرل انٹرنل پبلسٹی ونگ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن سروس اکیڈمی نے نگران دور میں وزارت کی کارکردگی سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر وفاقی سیکریٹری اطلاعات نے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔
مرتضیٰ سولنگی کے اعزاز میں الوداعی تقریب، ذمہ داری نبھا دی: نگران وزیر اطلاعات
Mar 03, 2024