اسلام آبا د(این این آئی)پاکستان کی اشیا کی برآمدات میں مسلسل 6 مہینے سے اضافے کا رجحان دیکھا گیا، فروری میں سالانہ بنیادوں پر یہ 17.54 فیصد بڑھ کر 2 ارب 57 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، جو برآمدی صنعتوں کی نمو میں بحالی کا عندیہ ہے۔ پاکستان ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا گیا کہ مالی سال 2024 کے ابتدائی 8 ماہ کے دوران برآمدات 9 فیصد اضافے سے 20 ارب 35 کروڑ ڈالر ہوگئیں، جس کا حجم گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دوران 18 ارب 67 کروڑ ڈالر رہا تھا۔تجارتی خسارہ سالانہ بنیادوں پر 1.95 فیصد تنزلی کے بعد فروری میں ایک ارب 71 کروڑ ڈالر رہا، رواں مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ کے دوران تجارتی خسارہ 30.18 فیصد کمی سے 14 ارب 87 کروڑ ڈالر پر آگیا، جو گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دوران 21 ارب 29 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے 3 ارب ڈالر قرض پروگرام اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے پہلے جائزے میں پاکستان کی برآمدات وزارت تجارت کے مالی سال 2028 تک 100 ارب ڈالر کے ہدف کے مقابلے میں نمایاں طور پر کافی کم رہنے کی توقع ظاہر کی ہے۔