پہلی شادی کے وقت جوڑوں کی اوسط عمر میں اضافہ

جرمن وفاقی شماریاتی دفتر (ڈیسٹاٹس) کی جانب سے جاری کردہ 2022ء کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں پہلی شادی کےوقت جوڑوں کی اوسط عمر میں اضافہ ہو رہا ہے، جو کہ گزشتہ برس تاریخ کی بلند ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی۔ڈیسٹاٹس کی رپورٹ کے مطابق 2022ء میں جرمنی میں پہلی شادی کے وقت مردوں کی اوسط عمر 35.1 سال اور عورتوں کی 32.6 سال ریکارڈ کی گئی، جبکہ بیس سال قبل پہلی شادی کے وقت مردوں کی اوسط عمر 31.8 سال اور خواتین کی 28.8 سال تھی۔تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس جرمنی میں چھ لاکھ سے زائد افراد پہلی دفعہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ ان میں سے 36 فیصد افراد کی عمر تیس سال سے کم تھی، جبکہ بیس سال پہلے یہ شرح 52 فیصد تھی۔اسی طرح 2022ء میں پہلی دفعہ شادی کرنے والے افراد میں سے 10 فیصد کی عمر 40 اور 49 کے درمیان تھی۔ اس کے مقابلے میں 2002ء میں یہ شرح صرف 6 فیصد تھی۔گزشتہ برس پہلی دفعہ شادی کرنے والے افراد میں سے تقریباً 7 فیصد کی عمر پچاس سال سے زیادہ تھی، جبکہ 2002ء میں یہ شرح تقریباً ایک فیصد تھی۔جرمن خبر رساں ایجنسی ڈی پی اے کی ایک رپورٹ میں اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ بڑی عمروں میں شادی کے اس رجحان کی ایک وجہ جرمنی میں معمر افراد کی تعداد میں اضافہ ہو سکتی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2002ء میں جرمنی کی کل آبادی میں 50 سال سے زیادہ عمر والے افراد کی شرح تقریباً 36 فیصد تھی، جو کہ 2022ء میں 45 فیصد کے قریب پہنچ گئی۔وفاقی شماریاتی دفتر کے اعداد و شمار کے مطابق پچھلے سال جرمنی میں کل 7 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد نے شادی کی، جن میں سے 78 فیصد پہلی دفعہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، تقریباً 20 فیصد طلاق یافتہ تھے اور قریب ایک فیصد اپنے شریک حیات کی وفات کے بعد شادی کر رہے تھے۔ اس کے علاوہ گزشتہ برس ہونے والی شادیوں میں سے تقریبا تین فیصد ہم جنس جوڑوں کی تھیں۔وفاقی شماریاتی دفتر کی رپورٹ کے مطابق جرمنی میں طلاق لینے والے افراد کی اوسط عمر میں بھی اضافہ ہوا ہے، اور یہ بھی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی ہے۔ سن 2022ء میں طلاق لینے والے مردوں کی اوسط عمر47.8 سال اور طلاق لینے والی خواتین کی اوسط عمر 44.7 سال ریکارڈ کی گئی۔ اگر ان اعداد و شمار کا موازنہ 2002ء کے اعداد و شمار سے کیا جائے، تو طلاق لینے والے مردوں کی اوسط عمر میں 6.2 سال جبکہ طلاق لینے والی خواتین کی اوسط عمر میں 5.8 سال کا اضافہ ہوا ہے۔

ای پیپر دی نیشن