شہری ہوابازی کی بین الاقوامی تنظیم کا کراچی ائیرپورٹ کا ایوی ایشن سکیورٹی آڈٹ مکمل

Mar 03, 2024 | 16:15

شہری ہوابازی کی بین الاقوامی تنظیم کا کراچی ائیرپورٹ کا ایوی ایشن سکیورٹی آڈٹ مکمل
شہری ہوابازی کی بین الاقوامی تنظیم کا کراچی ائیرپورٹ کا ایوی ایشن سکیورٹی آڈٹ مکمل
شہری ہوابازی کی بین الاقوامی تنظیم کا کراچی ائیرپورٹ کا ایوی ایشن سکیورٹی آڈٹ مکمل

شہری ہوابازی کی بین الاقوامی تنظیم نے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی کا یونیورسل ایوی ایشن سکیورٹی آڈٹ کامیابی سے مکمل کرلیا۔ترجمان اے ایس ایف کے مطابق شہری ہوابازی کی بین الاقوامی تنظیم ICAO کی چار رکنی آڈٹ ٹیم مسٹر آسکر انابیل روبیو کی سربراہی میں دس روزہ ایوی ایشن سکیورٹی آڈٹ پر 18 فروری کو کراچی پہنچی۔ اس آڈٹ کا مقصد گلوبل ایوی ایشن سکیورٹی کے معیار کو مسلسل مانیٹرنگ اور آڈٹ کے ذریعے بہتر بنانا ہے، آڈٹ کے سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام متعلقہ اداروں سے کوآرڈینیشن کی جب کہ ائیرپورٹس سکیورٹی فورس نے آڈٹ کے سلسلے میں تمام عملی اقدامات کے عمل درآمد کو یقینی بنایا۔ ترجمان کے مطابق اے ایس ایف پاکستان میں شہری ہوا بازی اور ہوائی اڈوں کی حفاظت کی ذمہ دار فیڈرل فورس ہے۔ اے ایس ایف ائیر پورٹس کی حفاظت، مسافروں کی اسکریننگ، داخلی کنٹرول ، کارگو اور پیرامیٹر کی سکیورٹی اور ائیرپورٹس پر امن و امان کو یقینی بنانے کا آئینی مینڈیٹ رکھتی ہے۔اس سے قبل آڈٹ کی تیاری کے سلسلے میں ہیڈ کوارٹر اے ایس ایف کی ہدایت پر اے ایس ایف ہیڈ کوارٹر کے افسران پر مشتمل ایک ٹیم بھی جناح ائیرپورٹ کا پری آڈٹ کرچکی تھی۔ کراچی ائیر پورٹ پر آڈٹ کے باقاعدہ آغاز سے پہلے اے ایس ایف نے آڈٹ ٹیم کو سکیورٹی انتظامات سے متعلق دستاویزات بشمول سکیورٹی اور ٹریننگ پروگرامز اور متعلقہ قوانین و ضوابط ، ایس او پیز اور Protocol Questions کے حوالے سے مفصّل بریفنگ دی۔انسپیکشن ٹیم نے ائیرپورٹ کے سکیورٹی انتطامات کا عملی جائزہ لینے کے لیے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا دورہ کیا جہاں چیف سکیورٹی آفیسر اے ایس ایف نے ٹیم کو ائیرپورٹ پر سکیورٹی ڈیپلائمنٹ، داخلی کنٹرول، اسکریننگ، پاسز کے اجراء، سکیورٹی ایکوئپمنٹ، اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے اے ایس ایف کی استعداد کے حوالے سے بریفنگ دی۔آڈٹ کے اختتام پر سول ایوی ایشن ہیڈ کوارٹر میں اختتامی تقریب کے دوران آڈٹ ٹیم نے پاکستان میں ایوی ایشن سکیورٹی کے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایوی ایشن سکیورٹی کے حوالے سے نا صرف 2023 کے تمام اہداف کو کامیابی سے حاصل کرلیا بلکہ یہ اقدامات ICAO کے 2030 کے لیے مقرر کردہ بین الاقوامی معیار کے اہداف کے قریب تر ہیں جو پاکستان کے لیے باعث اعزاز ہے۔ سکیورٹی آڈٹ کی کامیاب تکمیل پر ہیڈ کوارٹر ائیرپورٹ سکیورٹی فورس نے تمام متعلقہ اداروں اور ایجنسیز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنے بھرپور تعاون سے آڈٹ کی کامیابی کو یقینی بنایا۔

مزیدخبریں