امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ انتخابی دھاندلی کیخلاف پرامن احتجاج کرنے والوں پر تشدد قابل مذمت ہے۔ایک بیان میں سراج الحق نے کہا کہ عوام نے انتخابی دھاندلی کے خلاف فرد جرم عائد کر دی، پہلے ووٹ چوری ہوتے تھے اب نتائج چوری ہوتے ہیں، فارم 45 والے سڑکوں پر جبکہ فارم 47 والے عہدوں کی بندربانٹ میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں استحکام لانا ہے تو ادارے آئین اور حلف کی پاسداری کریں، بندوق اور ڈنڈے کے زور سے بہتری نہیں آئے گی، عوام کا فیصلہ قبول کرنا ہوگا، جعلی الیکشن اور جعلی نتائج کے بعد بننے والی حکومت بھی جعلی ہے۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ الیکشن میں نام نہاد کامیابیاں حاصل کرنے والوں کے چہروں پر مسکراہٹ نہیں، یہ ایک دوسرے کو مبارکباد بھی نہیں دے سکتے کیونکہ سب کو حقیقت کا ادارک ہے۔