بل گیٹس کی اے آئی ٹیکنالوجی کے مستقبل کے حوالے سے نئی پیشگوئی

مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس کافی عرصے سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کو اہم قرار دے رہے ہیں، اب انہوں نے پیشگوئی کی ہے کہ یہ ٹیکنالوجی صحت اور تعلیم کے شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں لانے میں مدد فراہم کرے گی۔بھارت کے دورے پر موجود بل گیٹس نے ایک انٹرویو میں کہا کہ 'مستقبل قریب میں اے آئی ٹیکنالوجی میں بڑی پیشرفت ہوگی جس سے ہمیں متعدد اہم شعبوں میں آگے بڑھنے میں مدد ملے گی، یہ ٹیکنالوجی بہتر ادویات کی تیاری میں معاون ثابت ہوگی اور ہم یقیناً اسے تعلیمی شعبے میں بھی استعمال کر سکیں گے'۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ٹیکنالوجی کے ساتھ بہترین تجربات کیے جا رہے ہیں اور طالبعلموں کی معاونت کے حوالے سے کافی اچھی پیشرفت ہو رہی ہے۔بل گیٹس نے کہا کہ ابھی یہ واضح نہیں کہ اے آئی ٹیکنالوجی کتنی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے اور ہم اس کو کس حد تک مثبت کاموں کے لیے استعمال کر سکیں گے۔مگر ان کا کہنا تھا کہ اے آئی ٹیکنالوجی میں برق رفتاری سے تبدیلیاں آ رہی ہیں اور اس سے مطابقت پیدا کرنے کافی بڑا چیلنج ہے۔مائیکرو سافٹ کے شریک بانی نے کہا کہ 'مجھے اس ٹیکنالوجی کے حوالے سے یہ خدشہ ہے کہ ہم یہ نہیں جانے کہ یہ کتنی تیزی سے بہتر ہو رہی ہے'۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ٹیکنالوجی سے مختلف شعبوں جیسے ڈاکٹروں اور اساتذہ کے کاموں کے دورانیے میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔یہ پہلا موقع نہیں جب بل گیٹس نے اے آئی ٹیکنالوجی پر بات کی ہے۔اس سے قبل وہ کئی بار اے آئی ٹیکنالوجی کو حالیہ دہائیوں کی اہم ترین ٹیکنالوجیکل پیشرفت قرار دے چکے ہیں۔کچھ عرصے قبل انہوں نے یہ پیشگوئی بھی کی تھی کہ ڈیڑھ سال کے اندر اے آئی چیٹ بوٹس بچوں کو پڑھنے اور لکھنے میں مدد فراہم کر رہے ہوں گے۔مارچ 2023 میں ایک بلاگ پوسٹ میں بل گیٹس نے اے آئی ٹیکنالوجی کو مائیکرو پراسیسر، پرسنل کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور موبائل فون جتنا اہم قرار دیا تھا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹیکنالوجی لوگوں کے کام کرنے، سیکھنے، سفر، طبی نگہداشت اور ایک دوسرے سے رابطوں کو بدل کر رکھ دے گی۔دسمبر 2023 میں ایک خط کو تحریر کرتے ہوئے بل گیٹس نے 2024 کو اے آئی ٹیکنالوجی کا سال قرار دیا تھا۔اس خط میں انہوں نے توقع ظاہر کی تھی کہ 2024 میں ہونے والی پیشرفت سے رواں دہائی کے دوران اس ٹیکنالوجی کے پھیلاؤ کی بنیاد رکھنے میں مدد ملے گی۔

ای پیپر دی نیشن