پیپلزپارٹی نے ملک و قوم کو مشکلات سے نکال کر مفاہمانہ سیاست کی بنیاد رکھی: منظور وٹو

لاہور+دےپالپور(خبر نگار+نامہ نگار)پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر اور این اے 146-147 اور پی پی 188 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ میں نے اپنا نامہ اعمال آپ کے سامنے پیش کردیا ہے۔ میرے مخالفین ن لیگ کے امیدواران اور انکے بڑے شہباز شریف عوام کی عدالت میں اپنے نامہ اعمال پیش کرنے سے ڈرتے ہیں اس لئے چھپتے پھر رہے ہیں، کیونکہ عوام کی خدمت کی بجائے پرتشدد سیاست کرنے والے آج عوام کی عدالت میں کھڑے ہونے کی ہمت نہیں رکھتے۔ بصیر پور میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے منظور وٹو نے کہا پیپلز پارٹی ملک کی سب سے بڑی اور مقبول ترین عوامی جماعت ہے، جمہوریت، پاکستان اور عوام کے لئے پیپلز پارٹی کی شاندار خدمات اور بےش بہا قربانیاں قابل قدر ہیں جن کا اعتراف مخالفین بھی کرتے ہیں، صدر آصف زرداری، ذوالفقار بھٹو کے مشن اور محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے تمام اہم قومی امور میں اپوزیشن سمیت سب کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں اور کارکنوں نے جمہوریت، عوام اور ملک و قوم کے لئے اپنی جانیں نچھاور کیں، آمریتوں کے دور میں کوڑے کھائے، جیلیں کاٹیں اور جبر و تشدد برداشت کیا۔ صدر آصف زرداری نے بلا کسی جرم کے دلیری سے سیاسی انتقام کا سامنا کیا اور ساڑھے گیارہ برس تک قید و بند کی صعوبتیں ایسی ثابت قدمی اور بہادری سے برداشت کیں کہ ان کے مخالفین بھی معترف ہیں۔ میاں منظور احمد وٹونے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین دعوے تو بہت کرتے ہیں، بڑی بڑی بڑھکیں مارتے ہیں مگر مشکل وقت میں گھبرا کر ملک و قوم، اپنی پارٹی اور عوام کو آمریت کے رحم و کرم پر چھوڑ کر ملک سے باہر بھاگ گئے تھے۔ پیپلز پارٹی کو جب اقتدار ملا تو ملک انتہائی مشکلات کا شکار تھا، پارلیمنٹ میں سادہ اکثریت بھی حاصل نہ ہونے کے باوجود پیپلز پارٹی نے نہ صرف ملک و قوم کو مشکلات سے نکالا بلکہ مفاہمانہ سیاست کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ پاک ایران گیس منصوبہ توانائی کے بحران کے حل میں مدد گار ثابت ہو گا، جس کے بعد اوکاڑہ سمیت پنجاب کے ہر دیہات میں سوئی گیس پہنچائیں گے، انہوںنے کہا کہ سابق پنجاب حکومت کے تمام منصوبے، سطحی، ناکام اور قومی سرمائے کی لوٹ مار پر مبنی ہیں، فوڈ سپورٹ پروگرام، سستی روٹی، آشیانہ سکیم، میٹرو، لیپ ٹاپ، سولر انرجی، پیلی ٹیکسی، دانش سکول، یہ سب منصوبے اپنی جیبیں بھرنے کے لئے شروع کئے گئے- بینظیر انکم سپورٹ پروگرام دنیا بھر میں عوامی خدمات کا سب سے بڑا مستند فلاحی منصوبہ ہے، بصیر پور میں جلسہ سے پی پی پی کے نامزد امیدوار خرم جہانگیر وٹو، میاں محمد فیاض خان وٹو، میاں محمد بن قاسم وٹو سابق سٹی ناظم بصیر پور نے بھی خطاب کیا اور کہاکہ یہ الیکشن جذبات کی لڑائی ہے۔ اس سے قبل دیپالپور کے نواحی علاقوں بونگہ خان سنگھ، اسٹیشن حاجی چاند، گدڑ ملکانہ کوٹھی والا، ملکانہ جوگا سنگھ، وجلانہ پنڈ، کول کلاں، فتیانہ پنڈ، میتلا پنڈ، جھوک ڈھوڈی، ڈھلیانہ میں انتخابی مہم کے سلسلہ میں کارنر میٹنگ سے بھی میاں منظور احمد وٹو نے خطاب کیا۔
منظور وٹو

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...