اسلام آباد (آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ) نگران وفاقی وزیر داخلہ ملک محمد حبیب نے انکشاف کیا ہے کہ ایک دہشت گرد گروہ کی جانب سے سابق صدر مشرف کو اغوا کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے تاہم سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا‘ سابق صدر سمیت تمام اہم شخصیات کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی‘ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے‘ امن و امان کیلئے انٹیلی جنس شیئرنگ کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ وہ پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ علاوہ ازیں سینٹ میں بھی بیان میں انہوں نے کہا کہ مشرف کی سکیورٹی یقینی بنا رہے ہیں۔ موجودہ حالات میں سابق صدر کے اغوا کا منصوبہ تیار کر کے انتخابات کے التوا کی سازش کی جا سکتی ہے۔ مشرف کو چک شہزاد سے دوسری جگہ منتقل کرنے کا ارادہ نہیں۔ قبل ازیں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے نگران وزیر داخلہ ملک محمد حبیب خان سے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
مشرف کے اغوا کی سازش ناکام ہوگی، الیکشن وقت پر ہونگے: وزیر داخلہ
May 03, 2013