اسلام آباد (آئی این پی)وزارت تجارت کی جانب سے چینی کی برآمدات پر دی جانے والی مراعات ختم کرنے کے باعث مقامی شوگرملوں کے پاس موجود سرپلس چینی کی برآمدات بند ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ۔شوگرانڈسٹری کے ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے حال ہی میں مقامی شوگرملوں کو2.5 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی گئی ہے لیکن اس بار برآمدکنندگان کو حکومت کے منظورشدہ مقدار کی چینی کوبغیرکسی حکومتی ترغیب کے برآمد کرنا ہوگی۔ وزارت تجارت کی جانب سے اس ضمن میں جاری ہونے والے ایس آراو کے مطابق شوگرملوں کو چینی کی برآمدات پر دی جانے والی ایک روپے فی کلوگرام کی ان لینڈ سبسڈی واپس لے لی گئی ہے۔ اس ایس آراو میں شوگرملوں کو2.5 لاکھ ٹن چینی پہلے آئیے اور پہلے پائیے کی بنیاد پر برآمد کرنے کی اجازت دی گئی ہے لیکن ایس آراومیں چینی کی برآمد پرسبسڈی کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی ترغیب دینے کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
شوگر ملز کی ٹیکس مراعات ختم، اضافی چینی کی برآمد بند ہونے کا خدشہ
May 03, 2014