لاہور (کلچرل رپورٹر) ماڈل و اداکار احمد بٹ نے کہا ہے کہ میں نے حمیرا ارشد سے لو میرج کی تھی، ہمارا ایک بیٹا بھی ہے اب وہ طلاق مانگ رہی ہیں۔ میں طلاق نہیں دینا چاہتا۔ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں 12سال سے ماڈلنگ اور اداکاری کر رہا ہوں اور پیسے کما رہا ہوں، ہماری جائیداد اکٹھی ہے لیکن مجھے اس وقت صدمہ پہنچا جب مجھے پتہ چلا کہ جس گھر میں اور حمیرا ارشد رہائش پذیر ہیں وہ گھر میری بیوی حمیرا ارشد اور سخی سرور کے نام پر ہے۔ اسی طرح باقی پراپرٹی بھی حمیرا ارشد اور سخی سرور کے نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حمیرا ارشد میری بیوی ہے، لڑائی جھگڑے ہر گھر میں ہوتے ہیں گزشتہ دنوں حمیرا ارشد کے ساتھ میرا جھگڑا ہوا تو وہ اپنے والدین کے گھر چلی گئی۔ میں نے بچہ اپنے پاس رکھ لیا تاکہ اس کے سکول کا حرج نہ ہو۔ کچھ دیر بعد پولیس اہلکار آ گئے اور بتایا کہ میرے خلاف حمیرا ارشد نے درخواست دی ہے کہ میں نے بچہ اغوا کر لیا ہے اور تاوان کے لئے 3کروڑ روپے مانگ رہا ہوں۔ اس لئے بچہ لے کر تھانے آئو۔ میں بچہ لے کر تھانے چلا گیا وہاں پر بچہ لینے کے لئے حمیرا ارشد خود نہیں آئی بلکہ سخی سرور آیا جس پر مجھے بہت افسوس ہوا۔ ہماری زندگی میں سخی سرور زہر گھول رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا بچہ امریکن نیشنل ہے یہ سارا ڈرامہ حمیرا ارشد امیگریشن کے لئے کر رہی ہے۔ میں آج بھی اسے بسانا چاہتا ہوں۔ دوسری طرف سخی سرور نے کہا کہ احمد بٹ مجھ پر الزامات لگا رہے ہیں۔ میں ان کے خلاف عدالت سے رجوع کر رہا ہوں اور ان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کر رہا ہوں۔ احمد بٹ نے پریس کانفرنس میں مجھ پر جو الزامات عائد کئے ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں۔