لاہور (احسن صدیق) رواں مالی سال میں جولائی سے مارچ ماہ کے دوران پنجاب حکومت کی مجموعی آمدنی میں 34.28 فیصد کمی ہوئی ہے۔ پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کیلئے مجموعی آمدنی کا ہدف ایک کھرب 71 ارب 65 کروڑ 82 لاکھ روپے مقرر کیا تھا مگر اس کے مقابلے میں ایک کھرب 12 ارب 81 کروڑ 86 لاکھ روپے کی آمدن حاصل ہوئی ہے جو ہدف کے مقابلے میں 58 ارب 83 کروڑ 95 لاکھ روپے کم ہے۔ ایک کھرب 71 ارب 65 کروڑ 82 لاکھ روپے کی آمدنی کے مجموعی ہدف میں صوبائی محاصل کی وصولی کا ہدف ایک کھرب 23 ارب 51 کروڑ روپے تھا مگر صوبائی محاصل وصول کرنے والے ادارے یہ ہدف حاصل کے میں بری طرح ناکام رہے اور 68 ارب 78 کروڑ 43 لاکھ روپے کی وصولی کر سکے جو مقررہ ہدف کے مقابلے میں 54 ارب 72 کروڑ 58 لاکھ روپے کم ہے۔ پنجاب حکومت کی مجموعی آمدنی میں سے غیرمحاصل آمدنی کی وصولی کا ہدف 48 ارب 14 کروڑ 80 لاکھ روپے مقرر کیا گیا تھا جبکہ اسکے مقابلے میں 44 ارب 3 کروڑ 42 لاکھ روپے کی غیرمحاصل آمدنی ہوئی جو مقررہ ہدف کے مقابلے میں 4 ارب 11 کروڑ 37 لاکھ روپے کم ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ 2013-14ء میں اتنی مدت کے دوران پنجاب حکومت کی مجموعی آمدنی ہدف کے مقابلے میں حاصل ہوئی تھی۔ پنجاب حکومت نے جولائی سے مارچ 2013-14ء کیلئے آمدنی کا ہدف ایک کھرب 27 ارب 37 لاکھ روپے مقرر کیا تھا۔ اسکے مقابلے میں ایک کھرب 11 کروڑ 17 کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی۔