گوجرانوالہ: شوہر کا اہلخانہ سے ملکر حاملہ بیوی پر مبینہ تشدد، سر کے بال مونڈ دئیے

May 03, 2015

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )گوجرنوالہ میں خرچہ مانگنے پر شوہر اور سسرالیوں کا نو ماہ کی حاملہ خاتون پر مبینہ تشدد اور سر کے بال مونڈ کر کمرے میں بھوکا پیاسا قید کر دیا۔ تین دن بعد متاثرہ خاتون موقع ملنے پر بھاگ کر اپنے میکے پہنچ گئی۔ شاہین آباد کی انیس سالہ مقدس کی ایک سال قبل عالم چوک کے سفیان سے شادی ہوئی تھی۔ مقدس کے مطابق اسکا خاوند چولہوں کا کام کرتا ہے لیکن وہ اسے خرچہ نہیں دیتا تھا۔ چار روز قبل مقدس نے اپنے خاوند سفیان سے میڈیکل چیک اپ کے لئے پیسے مانگے جس پر سفیان نے اپنی بہن عابدہ اور بھابھی رانی کے ساتھ مل کر اسے مبینہ طور پر ڈنڈوں اور جوتوں سے پیٹ ڈالا اور سر کے بال مونڈ کر کمرے میں قید کر دیا جہاں وہ تین دن بھوکی پیاسی بند رہی۔ مقدس کے گھر والوں کا کہنا تھا انکی بیٹی نو ماہ کی حاملہ ہے اور اسنے اپنے خاوند سے میڈیکل چیک اپ کے لئے پیسے مانگے تھے جس کے بعد انہوں نے تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ مقدس کا کہنا ہے اسکے ماں باپ وفات پا چکے ہیں اور وہ اپنے ماموں کے گھر ہی رہتی ہے۔ مقدس اور اسکے اہل خانہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے انصاف کی اپیل کی ہے۔

مزیدخبریں