کوئٹہ (بیورو رپورٹ) بلوچستان کے ضلع پشین میں مقامی جرگے نے گیارہ سالہ کمسن بچی کو ونی قراد دیکر ساٹھ سالہ شخص سے زبردستی نکا ح کروا دیا۔ 11 سالہ بچی کے بھائی اکرم خان نے نجی ٹی وی سے خصوصی طورپر بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اسکا سوتیلا بھائی محمدشفیع ایک لڑکی کو شادی کی غرض سے ساتھ لے گیا جس پر دونوں خاندانوں کے درمیان تنازع چل رہا تھا جسے ختم کرنے کے لئے علاقے کے مقامی جرگے نے کمسن بچی کو ونی کے طور پر مخالف فریق کو دینے کا فیصلہ سنایا اور 11 سالہ بچی کا زبردستی ساٹھ سالہ شخص سے نکاح کروا دیا۔ محمد اکرم کا کہنا ہے کہ جرگے نے مخالف فریق کو چھ لاکھ روپے بھی ادا کرنے کاحکم دیا۔ جرگہ اور مخالف فریق معصوم بچی کو حوالے کرنے کیلئے دباؤ اور دھمکیاں دے ر ہے ہیں۔ معصوم بچی اور اسکے بھائی نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور گورنر بلوچستان اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ ان کو انصاف اور تحفظ فراہم کریں۔