دینہ+ لاہور (نامہ نگار+ خصوصی رپورٹر) دینہ کے قریب جی ٹی روڈ پر 7 گاڑیوں کی آپس میں ٹکر سے 5 افراد جاں بحق جبکہ 10 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ 2 ٹرک پل سے نیچے جاگرے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات دینہ کے قریب جی ٹی روڈ پر ترقی پل کے مقام پر خراب آئل ٹینکر 2 روز سے پل کے اوپر کھڑا تھا کہ پیچھے سے چینی سے لوڈ 22 ویلر ٹریلر بریک فیل ہونے کی وجہ سے کھڑے آئل ٹینکر سے جا ٹکرایا، تھوڑی دیر کے بعد پیچھے آنے والا ایک اور ٹرک بھی ان سے جا ٹکرایا جس سے 2 ٹرک پل کے نیچے جا گرے جس کے نتیجے میں آئل کمپنی کے منیجر سمیت 5 افراد جن میں ساجد رفیق عمر 36 سال، سید علی مرتضیٰ عمر 29 سال، عبدالجبار عمر 27 سال، صفدر، اختر شامل ہیں، موقع پر ہی جاں بحق اور 10 افراد جن میں فیصل سلطان ، علی شیر، یاسین ، مصطفی، عبدالشکور وغیرہ شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور موٹر وے پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی ہرممکن سہولتیں فراہم کی جائیں۔