کسی بھی قیمت پر آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی : آرمی چیف ‘ شہزادہ محمد بن نائف کو ولی عہد بننے پر مبارکباد

May 03, 2015

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+ ایجنسیاں) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے خیبر ایجنسی میں تیراہ کے مقام پر شہید ہونیوالے پاک فوج کے کیپٹن قاسم کی ملک کی عظیم قربانی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ چیف آف آرمی سٹاف نے گذشتہ روز کیپٹن قاسم کی نمازجنازہ میں شرکت کی۔ آرمی چیف نے اس موقع پر شہید کیپٹن کے والد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا انکے بیٹے نے مادر وطن کیلئے عظیم قربانی دی ہے۔ آرمی چیف اور شہید کے والد نے اس عزم کا اظہار کیا دہشت گردوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رہیگا۔ آئی این پی کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا ہے وادی تیراہ میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن میں شہید ہونیوالے کیپٹن قاسم کی نمازجنازہ میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکا اللہ شہید کے والد اور دیگر نے شرکت کی۔ جنرل راحیل شریف نے کیپٹن قاسم کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ چیف آف آرمی سٹاف اور شہید کیپٹن قاسم کے والد نے ملک کی سرزمین پر آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ہرقیمت پر دہشت گردوں کیخلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ صباح نیوز کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا چاہے ہمیں کوئی بھی قیمت ادا کرنی پڑے۔ پاک سرزمین سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، دہشت گردوں کیخلاف آپریشن ہر قیمت جاری رہیگا، پاک سرزمین سے دہشت گردوں کا خاتمہ کریں گے۔ آن لائن کے مطابق آرمی چیف نے کہا پاک سرزمین سے ہر صورت میں دہشت گردی کا خاتمہ کرینگے۔ مزید برآں جنرل راحیل شریف نے سعودی عرب کے نومنتخب ولی عہد شہزادہ محمد بن نائف بن عبدالعزیز کو ٹیلیفون کرکے انہیں ولی عہد مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں رہنماﺅں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔ اس موقع پر جنرل راحیل شریف نے انہیں سعودی عرب کا ولی عہد مقرر کئے جانے، نائب وزیراعظم، وزیرداخلہ اور سیاسی و سکیورٹی کونسل کے چیئر مین کاعہدہ سنبھالنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔
آرمی چیف




مزیدخبریں