اسلام آباد( رستم اعجاز ستی/ نامہ نگار) ملک بھر کی جامعات میں داخلوں اور سکالر شپس کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن( ایچ ای سی) نے اپنی ٹیسٹنگ باڈی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیشنل ٹیسٹنگ سروس ( این ٹی ایس) کے بجائے آئندہ جامعات میں ایچ ای سی کی تشکیل کردہ باڈی ٹیسٹ لے گی۔ ذرائع کے مطابق2002ء سے ملک بھر کی جامعات میں داخلوں اور سکالر شپس کیلئے این ٹی ایس کی جانب سے امتحان لیا جاتا تھا جس کے طریقہ کار کو تنقید کا سامنا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا تھا کہ این ٹی ایس کا امتحان لازم نہیں ہے، عدالت نے ایچ ای سی کو ہدایت کی تھی کہ وہ نئی فرم ہائر کرے یا خود ٹیسٹنگ باڈی تشکیل دے۔ ذرائع کے مطابق ایچ ای سی نے عدالتی فیصلے کے بعد اشتہار دیا تو چھ سے زائد فرموںنے درخواستیں بھجوائیں۔ درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ایچ ای سی اپنی ٹیسٹنگ باڈی تشکیل دیگا جوگریجوایٹ اسسمنٹ ٹیسٹ لے گی۔ ذرائع کے مطابق ایچ ای سی کے لیگل شعبہ کی جانب سے بھی یہی تجویز دی گئی تھی۔ سینئر مینجمنٹ کی جانب سے نئی ٹیسٹنگ باڈی کے امتحانی طریقہ کار پر غور کیا جارہا ہے اور جلد ہی طریقہ کار وضع کر دیا جائے جس کے بعد ایچ ای سی کے آئندہ بورڈ اجلاس میں اس منظوری لی جائیگی۔