لاہور ( نمائندہ سپورٹس) کھلنا ٹیسٹ میں پہلے پاکستانی پھر بنگلہ دیشی بلے بازوں نے کھیل کا نقشہ ہی بدل دیا۔273 رنز بغیر کسی نقصان کے دوسری نامکمل اننگز شروع کی۔ امرالقیس 150رنز بناکرآئوٹ ہوئے ‘تمیم اقبال نے 206رنزکی اننگز کھیلی۔ کپتان مشفق الرحیم تو صفر پر آؤٹ ہو گئے لیکن شکیب الحسن کے ناٹ آؤٹ76 رنز نے6 وکٹ پر555 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ اظہر علی سمیت7 بولرز نے زور آزمائی کی۔ جنید خان اور محمد حفیظ نے دو دو وکٹیں گرائیں۔ ذوالفقار بابر اور اسد شفیق کے ہاتھ ایک ایک وکٹ آئی۔ پاکستان نے محمد حفیظ کے224 رنز کی بدولت628 رنز جوڑے تھے۔ بنگلہ دیش پہلی اننگز میں332رنز تک محدود رہا۔ تمیم اقبال کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اورآخری ٹیسٹ میچ 6سے 10مئی تک کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ میں بنگلہ دیشی اوپنرز نے پاکستانی بائولرز کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے کئی ریکارڈز بھی پاش پاش کردیئے۔ تمیم اقبال اورا مرالقیس نے 312رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ قائم کر کے کسی بھی وکٹ کیلئے سب سے بڑی شراکت کا ملکی ریکارڈ بنا دیااور ساتھ ہی دوسر ی اننگز میں 312رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ کا نیا ورلڈ ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔ تمیم اقبال مسلسل 3 ٹیسٹ میں سنچریاں بنانیوالے پہلے بنگلہ دیشی بیٹسمین بن گئے۔ اشرفل اور مشفیق نے سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ 2013ء میں پانچویں وکٹ کیلئے 267 رنز بنائے تھے ۔ مجموعی طور پر بنگلہ دیش کی جانب سے پانچویں اور اوپنرز کی جانب سے دوسری ڈبل سنچری پارٹنر شپ قائم ہوئی اس سے قبل تمیم اور امرالقیس نے ہی گزشتہ سال زمبابوے کے خلاف چٹا گانگ ٹیسٹ میں اننگز کا آغاز کرتے ہوئے 224 رنز جوڑے تھے ۔ دوسری اننگز میں بنگلہ دیشی اوپنرز نے ایک ساتھ سب سے زیادہ 185 رنز لارڈز ٹیسٹ 2010 میں سکور کئے تھے ۔ 1960 کے بعد پہلی بار کسی اوپننگ پیئر نے اتنا مستحکم آغاز کیا ۔ اس سے قبل انگلش کولن کائوڈرے اور جیف پولار نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسری اننگز میں 290 رنز بنائے تھے ۔تمیم اقبال سب سے زیادہ 7 سنچریوں کا ملکی ریکارڈ بھی اپنے نام کے سامنے درج کرالیا ۔ مشفیق الرحیم 6 سنچریوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں دونوںٹیموں کے اوپنر زنے ڈبل سنچریاں سکور کر کے نیا ورلڈ ریکار ڈ بنا دیا۔ تاریخ میں یہ پہلا واقعہ ہے جب ٹیسٹ میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے اوپنرز نے ڈبل سنچریاں سکور کیں ۔محمد حفیظ نے پہلی اننگز میں 224رنز جبکہ تمیم اقبال نے دوسری اننگز میں 206رنز کی اننگز کھیلی۔