فیصل آباد سمیت چار شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹ کا آغاز آئندہ برس ہو گا : شہباز شریف

May 03, 2015

فیصل آباد( نمائندہ خصوصی)وزےراعلیٰ پنجاب شہبازشرےف نے گزشتہ روز فیصل آباد کا 8 گھنٹے طویل دورہ کیا اور متعدد ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ سے فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کینال ایکسپریس وے اور جھال چوک انڈرپاس و فلائی اوور کے جاری تعمیراتی منصوبوں کا فضائی جائزہ بھی لیااور وین میں بیٹھ کر ترقیاتی منصوبوں کا دورہ بھی کیا۔وزیراعلیٰ نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں گرلز ہاسٹل اور پنجاب بائیو انرجی انسٹیٹیوٹ کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کینال ایکسپریس وے کا میگاپراجیکٹ فیصل آباد کے عوام کیلئے اکنامک کوریڈور کی حیثیت رکھتا ہے اور اس منصوبے پر 6 ارب روپے کی خطیر رقم صرف ہوگی۔ ساہیانوالہ سے گٹ والا تک 25 کلومیٹر طویل کینال ایکسپریس وے 3 رویہ ہوگی اور اس منصوبے میں اہم مقامات پر فلائی اوورز و انڈر پاسز بھی بنیں گے۔ منصوبے کی تکمیل سے فیصل آباد کی 5 تحصیلیں موٹر وے سے منسلک ہو جائیں گی۔ فیصل آباد کے عوام کیلئے یہ منصوبہ ایک شاندار تحفہ ہے جس سے پاکستان کے مانچسٹر میں تجارتی، معاشی اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اورروزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ کینال ایکسپریس وے کے منصوبے کی تکمیل سے فیصل آباد اور لاہور کا فاصلہ 30 منٹ کم ہوگا۔ شہباز شریف نے زرعی یونیورسٹی میں گرلز ہاسٹل اورپنجاب بائیو انرجی انسٹیٹیوٹ کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر کہا گرلز ہاسٹل کی تعمیر سے ایک ہزار طالبات کو رہائشی سہولتیں میسر آئیں گی اور یہ ہاسٹل پاکستان کا سب سے بڑا گرلز ہاسٹل ہوگا۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد دنیا کی 100 بہترین یونیورسٹیز میں شمار ہوتی ہے ۔ زراعت اور لائیوسٹاک کے شعبے پاکستان کی معیشت کی بہتری کیلئے بہت اہمیت کے حامل ہیں اور انکا تعلق براہ راست معیشت سے جڑا ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ نے عملی میدان میں خواتین کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستا نی معاشرے کا ایک بڑا حصہ خواتین پر مشتمل ہے۔ خواتین نے زراعت، طب اور انجینئرنگ کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے۔ فیصل آباد کی تاریخ میں ایسے بے مثال ترقیاتی منصوبوں کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ یہ انقلابی منصوبے فیصل آباد جیسے صنعتی شہر کیلئے ایک گیم چینجر ثابت ہوں گے۔ رواں برس مکمل کئے جائیں گے اور تمام منصوبوں کو اعلیٰ معیار کے ساتھ تیز رفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا۔ پنجاب حکومت نے گزشتہ 7 برس کے دوران صوبے میں شفافیت، اعلیٰ معیار اور تیز رفتاری سے منصوبوں کو مکمل کرنے کا جو کلچر متعارف کرایا ہے وہ پنجاب بھر میں پھیل چکا ہے۔ ٹھیکیداروں کا انتخاب انتہائی شفاف طریقے سے کیا جاتا ہے جس طرح پنجاب کے دیگر ترقیاتی منصوبوں کی میں خود نگرانی کر رہا ہوں اسی طرح فیصل آباد کے منصوبوں کی بھی ذاتی طو رپر نگرانی کروں گا۔ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو میں وزےراعلیٰ نے کہا کہ لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ امن عامہ کی بہتری اور جرائم پر قابو پانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا رہا ہے اور اس مقصد کیلئے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اقدامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ لاہور سیف سٹی پراجیکٹ اسی سال شروع ہو جائیگا جبکہ آئندہ سال فیصل آباد سمیت راولپنڈی، ملتان اور گوجرانوالہ میں سیف سٹی پراجیکٹ کا آغاز ہوگا۔ ٹھیکیدار مافیا کے خاتمے کیلئے صوبے میں ماڈل مویشی منڈیوں کا جال بچھا رہے ہیں جس کا آغاز شیخوپورہ سے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ طے پانے والے معاہدو ںپر عملدرآمد کیلئے شبانہ روز محنت کریں گے اور ان معاہدوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے جان لڑا دیں گے جبکہ پنجاب میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے اورصوبے کے ہر شہری تک پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کو 2017ءتک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
شہبازشرےف


مزیدخبریں