کراچی+ کوئٹہ (ایجنسیاں+ بیورو رپورٹ) کراچی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے مچھ جیل میں قید پھانسی کے مجرم ایم کیو ایم کے کارکن صولت مرزا کے تیسری مرتبہ ڈیتھ وارنٹ جاری کردئیے۔ صولت مرزا کو 12 مئی کی صبح ساڑھے 4 بجے مچھ جیل میں تختہ دار پر لٹکایا جائیگا جبکہ دوسری طرف وزارت داخلہ کی طرف سے صولت مرزا کی پھانسی میں ایک بار پھر سے ایک ماہ کی توسیع کےلئے سمری بھی وزیراعظم ہاﺅس بھجوا دی گئی ہے۔ صولت مرزا کے بلیک وارنٹ تیسری بار جاری کئے گئے ہیں، پہلی دفعہ 19 مارچ اور دوسری بار یکم اپریل کو انکی پھانسی موخر کی جاچکی ہے۔ صولت مرزا پر کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر شاہد حامد، انکے ڈرائیور اور ایک محافظ کو ڈیفنس کے علاقے میں 1997ءمیں قتل کرنے کا جرم ثابت ہوا تھا۔ صولت مرزا کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 1999ءمیں سزا موت سنائی تھی، البتہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین صولت مرزا سے اعلان لاتعلقی کرچکے ہیں۔ ایم کیو ایم کارکن صولت کی پھانسی کی مدت میں دی گئی توسیع 30 اپریل کو ختم ہوگئی تھی۔ صولت مرزا کے ڈیتھ وارنٹ مچھ جیل حکام کو موصول ہوگئے ہیں۔
صولت مرزا کے تیسری بار ڈیتھ وارنٹ 12 مئی کو پھانسی کا حکم
May 03, 2015