پٹنہ (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست بہار کے مقبول وزیراعلیٰ نتیش کمار بھی جوتے کی زد میںآ گئے۔ حکومت کی طرف سے ریاست بھر میں آگ لگنے سے انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے کیلئے دن کے اوقات میں کھانا پکانے اور شادی یا مذہب کی تقریبات منعقد کرنے پر پابندی سے تنگ ایک نوجوان نے نتیش کمار پر ’’جنتا دربار‘‘ کے نام سے کھلی کچہری کے دوران جوتا دے مارا۔ تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے اس 16 سالہ نوجوان کو جس کا تعلق اروال ضلع سے ہے قابو کر لیا۔ بعدازاں نتیش کمار کی ہدایت پر پولیس نے امنگ کمار کو چھوڑ دیا۔ نتیش کمار نے لڑکے کے پاس بیٹھ کر شفقت سے اس کے کندھے پر ہاتھ رکھا اور پوچھا کہ اسے کیا مسئلہ ہے اوراس نے جوتا کیوں پھینکا تو گھبرایا ہوا نوجوان جواب نہ دے سکا اور رونے لگا۔