مٹہ، بشام، ہرنائی میں 4 دہشت گرد گرفتار: قصور، کوہاٹ، 90 مشتبہ پکڑے گئے

May 03, 2016

مٹہ+ بشام+ کوئٹہ+ کوہاٹ+ قصور (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں+ نمائندہ نوائے وقت) کارروائی کے دوران مٹہ، بشام، کوئٹہ میں 4 دہشت گرد پکڑے گئے جبکہ کوہاٹ او تھور میں 90 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مٹہ کے علاقے پیوچار میں پولیس نے کارروائی کر کے مبینہ دہشتگرد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار دہشتگرد مٹہ میں لوٹ مار، دہشتگردی کے واقعات میں ملوث تھا۔ شانگلہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما انجےنئر امیر مقام سمیت ڈی ایس پی شانگلہ پر ہونے والے ریموٹ کنٹرول بم حملے میں ملوث اہم دہشت گرد صالح محمد کو گرفتار کر لیا، دہشت گرد کا تعلق افغانستان کی جہادی تنظیم امارات اسلامی سے ہے، دہشت گرد کسی بڑی کارروائی کےلئے شانگلہ کے علاقے جٹ کول میں داخل ہوا تھا، اس سے ہینڈ گرینڈ، بارود، بال بیرنگ، پستول اور ریموٹ کنٹرول برآمد۔ بم بھی برآمد ہوا ہے۔ ادھر ایف سی نے ہرنائی میں کارروائی میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سوئی کے علاقے مصری گوٹھ میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا سڑک کنارے نصب 5 کلو وزنی بم ناکارہ بنا دیا گیا۔ آئی این پی کے مطابق کوہاٹ پی اے ایف بیس کے اطراف اور مضافات کے علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 78 مشتبہ افراد کو اسلحہ و منشیات سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت اور پھولنگر سے نامہ نگار کے مطابق پولیس نے گذشتہ روز تھانہ صدر پتوکی کے علاقوں حبیب آباد، کرانی والا، ساجووال، علی پور چک 6 اور ڈھانہ چک میں سرچ آپریشن کیا جس کے دوران 12 مشکوک افراد کو حراست میں لیکر ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا۔ سرچ آپریشن کے دوران 250 گھروں کو چیک کیا گیا۔
4 دہشت گرد گرفتار

مزیدخبریں