کراچی (کرائم رپورٹر) شہر قائد میں گزشتہ روز پُرتشدد واقعات کے دوران کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ملازم سمیت 3 افراد کو قتل کر دیا گیا۔ پانچ زخمی ہو گئے۔ کے پی ٹی کے ملازم 55 علی گوہر شاہ کو شیریں جناح کالونی میں گھر کے نزدیک نامعلوم افراد نے تشدد کرکے ہلاک کیا۔ مقتول علی گوہرشاہ کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ اس نے پہلی بیوی سے اولاد نہ ہونے کی وجہ سے حال ہی میں دوسری شادی کی تھی جس پر اس کے سالے ناخوش تھے۔ ادھر کلاکوٹ کے علاقے میں شیدی ولیج روڈ پر مسلح افراد نے ایک شخص 35 سالہ عبدالمنان کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا۔ وہ ٹھیلے پرکھلونے فروخت کرتا تھا۔ اس کے علاوہ نیٹی جیٹی پل پر مسلح افراد نے ایک نوجوان26 سالہ لیئق احمد‘ کورنگی میں 40 سالہ پائندہ خان‘ چمڑا چورنگی پر 40 سالہ عبدالخان‘ شاہ لطیف ٹاﺅن میں غلام اسحاق ‘ نیو سبزی منڈی کے قریب بخت میرکو فائرنگ کرکے زخمی کر دیا گیا۔ مزید براں گلشن معمار کے علاقے فقیرا گوٹھ میں مسلح افراد نے ایک شخص کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے عباسی شہید ہسپتال پہنچایا گیا۔ علاوہ ازیں قانون نافذ کرنے والے ادارروں نے کراچی کے علاقے گلشن معمار میں کارروائی کرکے سیاسی جماعت کے عسری ونگ کے کارندے آصف ولیج کو گرفتار کر لیا۔ اسی طرح سی ٹی پولیس نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم کی رہنما نسرین جلیل کے سکیورٹی گارڈ اور ایک بچی سمیت تین افراد کے قتل کے الزام میں تین ٹارگٹ کلرز گرفتار کرلئے۔ انہوں نے گزشتہ ماہ ناگن چورنگی پر پولیس سے مماثلت رکھنے والی سٹی وارڈنز کی موبائل پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں بچی سمیت تین افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
3 ٹارگٹ کلر گرفتار
کراچی: پُرتشدد واقعات‘ کے پی ٹی ملازم سمیت 3 افراد قتل
May 03, 2016