کراچی (آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے سندھ کے تمام اضلاع کے دوروں کا اعلان کر دیا جبکہ منتخب نمائندوں اور پارٹی رہنماﺅں کو 2018 کے انتخابات کی تیاری کا حکم دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ اس میں فتح جمہوریتکی ہو گی اور صدر ، وزیر اعظم جیالے ہی بنیں گے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز سندھ کے رکن صوبائی اسمبلی احمد علی پتافی سے گفتگو میں کیا ۔ سابق صدر نے کہا پیپلزپارٹی عوام کی نمائندہ جماعت ہے جس میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل ہیں اور نوجوان ہماری قوت ہیں ۔ 2018 کے عام انتخابات کا وقت قریب ہے اس لئے میں سندھ کے تمام اضلاع کے دورے کروں گا اور پرانے ساتھیوں سمیت جیالوں کو ساتھ لے کر چلیں گے ۔منتخب نمائندے اور پارٹی رہنما بھی اپنی تیاری شروع کر دیں تاکہ عام انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے حقیقی معنوں میں جمہوری اور عوام کی نمائندہ حکومت بنا سکیں۔ انہوں نے کہا 2018 کے انتخابات میں فتح جمہوریت کی ہو گی ہم نے قربانیاں دے کر جمہوریت کی جڑیں مضبوط کی ہیں اب کوئی ان جڑوں کو اکھاڑنے کی جرات نہیں کر سکتا ۔ ہم پرامید ہیں اگلے عام انتخابات میں صدر اور وزیر اعظم جیالے ہی بنیں گے اور انشاءاللہ عوام کو ان کے حقوق دلا کر حقیقی معنوں میں سماجی انقلاب برپا کریں گے۔