واشنگٹن (آن لائن) امریکہ کے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کو اس وقت خفت کا سامنا کرنا پڑگیا جب یہ تفصیلات منظر عام پر آگئیںکہ ان کی ایک ایجنٹ نے داعش کے جنگجو کے عشق میں گرفتار ہوکر اس سے شادی کرلی۔ایف بی آئی میں کام کرنے والی 38 سالہ مترجم ڈینیلا گرینے نے داعش میں شمولیت اختیار کرنے والے سابق جرمن گلوکار سے شام جاکر شادی رچائی۔رپورٹ کے مطابق ٹاپ سکیورٹی کلیئرنس کے بعد ڈینیلا کو تفتیش کی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں جنوری 2014 میں اسے سابق جرمن ریپر اور شدت پسند تنظیم داعش کے ترجمان ڈینس کسپرٹ کے کیس میں شامل کیا گیا تھا۔داعش میں شمولیت سے قبل کسپرٹ جرمنی میں ڈیسو ڈاگ کے نام سے گانے ری مکس کرکے بجاتا تھا جبکہ داعش میں شمولیت کے بعد اس کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں اس نے سابق امریکی صدر باراک اوباما کو دھمکیاں دی تھیں۔بعد ازاں وہ شام چلاگیا تھا اور اس نے اپنا نام ابو طلحہ ال المانی رکھ لیا تھا جبکہ انٹرنیٹ پر اس کی نئے جنگجوؤں کو بھرتی کرنے کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں نے امریکہ اور یورپ میں حکام کو پریشان کردیا تھا۔ابو طلحہ کے پیغامات اور سرگرمیوں کی کئی مہینوں تک جاسوسی کرنے کے بعد گرینے ایف بی آئی کو آگاہ کیے بغیر اس سے شادی کے لیے شام چلی گئیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق مذکورہ خاتون ایجنٹ کو 2برس قید کی سزا بھگتنے کے بعد گزشتہ سال جیل سے رہا کر دیا گیا تھا۔
امریکی ایف بی آئی ایجنٹ نے داعشی جنگجو کے عشق میں مبتلا ہوکر شادی کرلی
May 03, 2017