اسلام آباد (اے پی پی) چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے تحت پاکستان میں کی جانے والی سرمایہ کاری کا حجم 2030ء تک 100 ارب ڈالر سے بڑھ جائے گا ۔قبل ازیں منصوبہ پر سرمایہ کاری کا تخمینہ 60ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔ اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت ملک میں تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا تاہم مقامی صنعت کے تحفظ کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ ایوان صنعت و تجارت کراچی کے صدر مفسر عطاء ملک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ مقامی سرمایہ کاروں کو بھی مساوی مواقع فراہم کئے جاسکیں۔ مقامی صنعت کے تحفظ کے لئے سی پیک کے تحت لگنے والی صنعتوں میں مقامی کمپنیوں اور اداروں کی شرکت کو ضروری قرار دیا جائے جس سے بہتر نتائج حاصل ہوں گے۔