پاک ایران تعلقات گرمجوشی پر مبنی‘ نئی سوچ کیساتھ آگے بڑھنا چاہئے: ایرانی سفیر

May 03, 2018

لاہور (کامرس رپورٹر) ایران کے فری ٹریڈ زونز میں پاکستانی تاجروں کے لئے وسیع پوٹینشل ہے جس سے وہ مشترکہ منصوبہ سازی کے ذریعے بھرپور فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدرخواجہ خاور رشید، نائب صدر ذیشان خلیل اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین سے ملاقات میں کیا۔ سابق صدور سید محسن رضا بخاری اور سہیل لاشاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات گرمجوشی پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کو نئی سوچ اپناکر تیزی سے آگے بڑھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھ رہی ہے مگر یہ پوٹینشل سے بہت کم ہے، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی تجارتی تنظیموں کو اس بارے میں اہم کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی سفارتخانہ اور قونصلیٹ پاکستانی تاجروں کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران توانائی کے شعبے میں پاکستان سے تعاون کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بینکنگ چینل کے قیام اور کرنسی سواپ کے لئے بات چیت جاری ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ دوطرفہ تجارت اس سطح پر نہیں جس خواہش کا اظہار ایرانی صدر حسن روحانی نے اپنے دورہ کے دوران کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تجارت کا حجم ہمیشہ ایران کے حق میں رہا ہے جسے برابری کی سطح پر لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تجارت کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو مشترکہ کوششوں سے دور کیا جاسکتا ہے، بینکنگ چینلز کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے لاہور، کراچی اور اسلام آباد سے تہران کے لیے براہ راست پروازوں کے آغاز کے لیے ایرانی سفیر کی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران دونوںکے پاس بہترین بندرگاہیں ہیں، کراچی اور گوادر سے چاہ بہار اور بندر عباس کے لیے براہ راست شپنگ سروس بھی ہونی چاہئے۔
ایرانی سفیر

مزیدخبریں