لاہور+ اسلام آباد، کراچی (آئی این پی+ نامہ نگاران+ کامرس رپورٹر+ خصوصی نمائندہ) لاہور میں تیز آندھی سے لینٹر گرنے کے باعث 3مزدور جاں بحق ایک زخمی ہو گیا۔ دوسرے شہروں میں بھی بارش‘ کئی مقامات پر تار ٹوٹنے سے گھنٹوں بجلی معطل‘ کئی شہروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹے سے تجاوز کر گیا‘ بچے‘ بوڑھے اور خواتین راتوں کو جاگنے پر مجبور۔ شمالی چھاﺅنی کے علاقے جوڑے پل چونگی دوگیج کے قریب 3منزلہ گھر کی تعمیر جاری تھی۔ گزشتہ روز اس کی تیسری منزل کا لینٹر ڈالا جا رہا تھا کہ تیز آندھی کے باعث لینٹر گر گیا۔ جس کے نتیجے میں 4مزدور 38سالہ ناظر حسین‘ 30سالہ پرویز‘ 30سالہ سجاد اور 34سالہ نامعلوم مزدور ملبے تلے دب گئے۔ امدادی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے ملبے تلے سے تین مزدوروں ناظر حسین‘ پرویز الٰہی اور سجاد کی نعشیں نکال کر پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے جمع کرا دی ہیں۔ ایک زخمی مزدور کو طبی امداد کے لئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دوسری طرف چشمہ تھری پاور پلانٹ میں فنی خرابی دور کرکے اسکو نیشنل گرڈ کے ساتھ منسلک کردیا گیا‘ ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال کم ہو کر 3ہزار 32میگا واٹ رہ گیا‘ فنی خرابی کے باعث 10فیصد سے زایدہ نقصانات والے فیڈرز پر 3گھنٹے 40منٹ کی اضافی لوڈ مینجمنٹ کی جارہی ہے‘ ملک بھر کی بجلی کی پیداوار 15 ہزار 400میگا واٹ اور ڈیمانڈ 18 ہزار 432 میگا واٹ ہے۔ بدھ کو ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق ملک بھر میں کہیں جبری لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی کٹیگری ون کے فیڈز جن پر 10 فیصد نقصان کا تخمینہ ہے وہ کل فیڈرز کا 61 فیصد ہیں۔ ان فیڈرز پر لوڈ مینجمنٹ صفر ہے چشمہ تھری نیوکلیئر پاور پلانٹ میں فنی خرابی دور کرکے اسکو نیشنل گرڈ کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے۔ اسکے بعد ملک بھر میں بجلی کی پیدوار 15400 میگا واٹ اور ڈیمانڈ 18432 میگا واٹ ہے۔ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 3 ہزار 32میگا واٹ ہے۔ پاورپلانٹ ٹرپ کرجانے کے باعث 10 فیصد سے زیادہ نقصانات والے فیڈز پر 3 گھنٹے 40 منٹ کی اضافی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے چاروں یونٹس ٹرپ کرگئے تھے جس کے بعد ملک بھر میں بدترین لوڈشیڈنگ کی صورتحال دیکھنے میں آئی اور بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا تھا۔ پھلروان ، سرگودھا،وزیرآباد، جامکے چٹھہ،رینالہ خورد،پاکپتن، کسووال، وہاڑی، سرائے عالمگیر، سیالکوٹ، نارنگ منڈی، ننکانہ صاحب اور پنڈی بھٹیاں سمیت دیگر علاقوں میں بجلی اور سوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کو رُلا دیا۔ شہروں میں دس گھنٹے دیہی علاقوں میں چودہ سے پندرہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔ بدترین لوڈ شیڈنگ کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے۔ کئی علاقوں میں پانی کی بھی قلت ہو گئی۔ پنجاب اور خیبر پی کے میں کئی علاقوں میں بارش کے باعث بجلی کی ڈیمانڈ میں کمی ہوئی لیکن چشمہ پلانٹ کی بندش کے باعث سسٹم میں ہونے والے شارٹ فال کے باعث ڈیمانڈ میں کمی بھی لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میںخاطر خواہ کمی نہیں ہو سکی ۔ اسلام آباد، لاہور سمیت خیبر پی کے اور پنجاب میں تیز ہواﺅں کے ساتھ بارش کے باعث لیسکو سمیت ان علاقوں کی ڈسکوز کا ترسیلی نظام شدید متاثر ہوا۔ تیز ہواﺅں کے ساتھ بارش کے باعث سینکڑوں فیڈرز اور درجنوں گرڈز ٹرپ کر گئے۔ لاہور میں گزشتہ روز آنے والی آندھی سے لیسکو کے 54 فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے باعث کئی علاقے بجلی کی فراہمی سے محروم ہو گئے ۔ آندھی رکنے کے بعد لیسکو کی طرف سے فوری طور پر بحالی کا کام شروع کر دیا گیا۔ لاہور اور اس کے گرد و نواح میں آنے والی تیز آندھی اور ہلکی بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ دوپہر کے اوقات میں آنے والی تیز آندھی کی وجہ سے سڑکوں پر لگے سائن بورڈ گر گئے جبکہ گرد آلود ہواﺅں کی وجہ سے گھروں اور دفاتر میں مٹی بھر گئی۔ شہر کے بعض حصوں میں ہلکی بوندا باندی بھی ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ جمعرات کے روز خیبر پی کے و مالا کنڈ ہزارہ، پشاور مردان کوہاٹ بنوں، ڈی آئی خان، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال ڈویژن، فاٹا اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ دوسری طرف کراچی میں جمعرات کو درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے جبکہ گزشتہ روز بھی درجہ حرارت 42 سینٹی گریڈ رہا۔
لوڈشیڈنگ
لاہور سمیت کئی شہروں میں آندھی‘ بارش : جوڑے پل میں لینٹر گرنے سے 3 مزدور ملبے تلے دب کر جاں بحق
May 03, 2018