مانانوالہ( نامہ نگار)نبی اکرمؐ سے محبت کاتقاضاہے کہ ہم نبیؐ پاک کے احکامات، سیرت اور سنتوں کو اپنائیں وگرنہ ان سے محبت کے زبانی دعوے کسی کام کے نہیں اور نہ ہی اللہ کے ہاں کسی اجر کے مستحق ہوں گے۔امت مسلمہ کی رسوائی کی اصل وجہ قرآن و سنت کی تعلیمات سے روگردانی کرنا ہے۔نبی پاک اور صحابہ اکرام کے اسوہ حسنہ پر عمل کر کے آج بھی مسلمان اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار دعوت اسلامی کے مرکزی رکن شوریٰ حاجی منصور رضا عطاری نے دعوت اسلامی مانانوالہ کے زیر اہتمام ایک تبلیغی و دعوتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو درپیش موجودہ سنگین مسائل کا حل خود احتسابی اور کفار کے طور طریقوں سے نجات حاصل کرنے میں مضمر ہے۔جب تک ہر مسلمان اپنا محاسبہ کرتے ہوئے اپنے قول و فعل میں موجود تضاد کو ختم کر کے ایک با عمل مسلمان نہیں بن جاتا اور خود پر مسلط کفار کی رسم و رواج اور بیہودہ کلچر سے نجات حاصل کرنے کے لیے کمر بستہ نہیں ہو جاتا اس وقت تک نجات ممکن نہیں۔تمام مسلمان اپنے سابقہ گناہوں سے تائب ہو کر اپنے رب سے تعلق کو نئے سرے سے استوار کریں تا کہ ہمارا رب ہمارے گناہوں کو معاف کر کے ہمارے حال پر رحم فرمائے۔