لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پہلی سپر کبڈی لیگ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ پہلے روز گوادر بہادرز اور ساہیوال بلز کی ٹیموں نے اپنی اپنی حریف ٹیموں کو شکست سے دوچار کر دیا۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ گوادر بہادرز اور گجرات واریئرزکی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں سخت مقابلے کے بعد گوادر بہادرز ٹیم نے31 کے مقابلے 33 پوائنٹس سے کامیابی اپنے نام کی۔ اس میچ میں علی شان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دوسرا میچ لاہور ٹھنڈر اور ساہیوال بلز کے درمیان کھیلا گیا یہ میچ بھی دلچسپپ رہا تاہم ساہیوال کی شروع میچ سے قائم ہونے والی برتری کو لاہور ٹھنڈرز ٹیم کے کھلاڑی ختم کرنے میں ناکام رہے۔ ساہیوال بلز نے لاہور تھنڈرز کو 26 کے مقابلے 38 پوائنٹس سے مات دی۔ اس میچ میں ساہیوال بلز کے سجاد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ تیسرے میچ میں پشاور حیدرز نے کامیابی حاصل کی اس میچ میں پشاور حیدرز نے اسلام آباد آل سٹارز کو 26 کے مقابلے میں 35 پوائنٹس سے شکست دے دی۔