سیکر ٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے کینیاکی وزیر خارجہ ڈاکٹر مونیکا کی ملاقات

May 03, 2018

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان اور کینیا نے تجارت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش ظاہر کی ہے۔پاکستان کے دورہ پر آئی ہوئی کینیا کی وزیر خارجہ ڈاکٹر مونیکا جما نے گزشتہ روز سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق اس ملاقات میں بات چیت کے دوران باہمی دلچسپی کے دو طرفہ،علاقائی و بین الاقوامی امور سمیت دو طرفہ تجارت کو مزید بڑھانے اور دونوں ملکوں کے عوام کے مابین رابطوں کو فروغ دینے کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈاکٹر مونیکا جما نے زراعت، ادویات سازی، نوجوانوں کی ترقی اور دفاعی تعاون جیسے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے وسیع البنیاد تعاون پرمبنی لائحہ عمل کے معاہدے کی ضرورت پر زوردیا ۔سیکرٹری خارجہ نے کینیا کی وزیرخارجہ کو ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات سمیت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کے بارے میں بتایا ۔وزیر خارجہ ڈاکٹر مونیکا جما کینیا کے صدر کی خصوصی ایلچی کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں۔

مزیدخبریں