لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کوجوتا مارنے والے ملزموں کے مقدمے سے انسداد دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیل پرتینوں ملزموں کو31 مئی کے لیے پیش ہونے کے دوبارہ نوٹس جاری کردیئے ۔جسٹس سردار محمد شمیم خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی ۔ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل پنجاب خرم خان نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے معاملہ کی سنگینی کا اندازہ کیے بغیر ہی انسداد دہشت گردی کی دفعات کو حذف کرنے کاحکم دیا،عدالت نے تینو ں ملزموں کو پیش ہونے کیلئے 31مئی کے دوبارہ نوٹس جاری کر دیئے ۔یاد رہے کہ گذشتہ ماہ عدالت نے تینوں ملزمان کی ایک ایک لاکھ مچلکے کے عوض درخواست ضمانت منظور کر لی تھی۔ملزمان عبدالغفور، منور حسین اور محمد ساجد نے جوڈیشل مجسٹریٹ یوسف سردار کی عدالت میں درخواست ضمانت دائر کی تھی۔ اس سے قبل ملزمان کے خلاف چار مختلف دفعات کے تحت مقدمہ تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں درج تھا۔