کوئٹہ(صباح نیوز)بلوچستان کے ضلع خضدار اور کیچ میں 2 مختلف آپریشنز کے دوران سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 5دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔حکام کے مطابق خضدارکی تحصیل نال کے علاقے بندرنگ گریشہ میں پہاڑی مقام پر کالعدم علیحدگی پسند تنظیم کے ارکان کی موجودگی کی اطلاع پر حساس اداروں نے آپریشن کیا۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا تو ان کی کالعدم تنظیم کے مسلح ارکان سے جھڑپ ہوئی۔ کئی گھنٹوں کی فائرنگ کے بعد 3 دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائی کے دوران اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔حکام کے مطابق مارے گئے ملزمان عام شہریوں اور سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں پر بم حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث تھے۔دوسری جانب کیچ(تربت)میں بھی ایف سی اور حساس ادارے نے آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے2دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ یہ آپریشن تربت سے تقریبا ایک سو تیس کلومیٹر دور بالگتر میں کیا گیا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت بالگتر کے رہائشی محمد اکبر اور آواران کے رہائشی نور اللہ کے نام سے ہوئی۔ ان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف ، ایک سنائپر رائفل اور ایک سو تیس گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔
بلوچستان: سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 5 دہشتگرد ہلاک، اسلحہ برآمد
May 03, 2019