لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پی سی بی ایڈجیوکیٹر نے گورننگ بورڈ میں بغاوت کرنے والے رکن نعمان بٹ کی سماعت رکوانے کیلئے درخواست مسترد کرتے ہوئے سماعت 10 مئی تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔ مس کنڈکٹ کیس کی سماعت گذشتہ روز جسٹس ریٹائرڈ فضل میراں چوہان نے کی۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قانونی مشیر پی سی بی تفضل رضوی کا کہنا تھا کہ قائمہ کمیٹی کے اجلاس تک سماعت رکوانے کیلئے نعمان بٹ کی درخواست مسترد کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی جاری رکھنے کے ہمارے موقف کی تائید کی گئی ہے، نعمان بٹ جان بوجھ کر کیس کو طویل کررہے ہیں۔ نعمان بٹ کے وکیل نے آج بھی حیلے بہانوں سے کاروائی میں حصہ نہیں لیا، دوسری جانب نعمان بٹ کے وکیل شیغان اعجاز نے کہا کہ شکایت کنندہ اسد اللہ خان کے وکیل سماعت کے دوران موجود نہیں تھے، سماعت میں وکیل کا موجود ہونا ضروری تھا، وکیل نہ ہونے کی وجہ سے ہم نے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی، جسے منظور کرلیا گیا ہے۔
پی سی بی رکن نعمان بٹ کی سماعت رکوانے کیلئے درخواست مسترد
May 03, 2019