سینٹ نے آج ایک قرارداد کی منظوری دی ہے جس میں صحافت اور اظہار رائے کی آزادی کےلئے بھرپور عزم کااعادہ کیاگیا ہے۔
صحافت کی آزادی کےعالمی دن کے موقع پر قائد ایوان شبلی فراز کی جانب سے پیش کی گئی قرار دادمیں اس عزم کااعادہ کیاگیاہے کہ شفاف اور غیر جانبدارانہ اداروں کے قیام اور رہنماوں کو جواب دہ بنانے کےلئے شفاف اور قابل اعتماد معلومات تک رسائی اہم سنگ میل ہے۔
قر ار داد میں عوام کو معلومات تک رسائی کے حق کا دفاع کرنے کےلئے اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والےصحافیوں ،مدیروں اور ناشروں کوخراج تحسین پیش کیاگیا۔
قرار داد میں اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کے نذرانے سے پیش کرنے والے ذرائع ابلاغ کے شہدا کو سلام پیش کیاگیا۔
اس سے پہلے چیئرمین سینٹ نے اپنے ریمارکس میں حکومت سے کہاکہ وہ صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کےلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
ایوان کااجلاس پیر دو بجے تک ملتوی کردیا گیا ہے۔