نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے اپنے دیرینہ دوست کلارک گے فورڈ سے منگنی کرلی۔
کیوی وزیراعظم کے دفتر نے بھی جیسنڈا آرڈرن اور ٹی وی میزبان کلارک گے فورڈ کی منگنی کی تصدیق کردی ہے۔
اطلاعات کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیراعظم گزشتہ دنوں ایک تقریب میں شریک تھیں اور انہوں نے بائیں ہاتھ کی درمیانی انگلی میں ہیرے کی انگوٹھی پہن رکھی تھی۔
تقریب میں موجود شعبہ صحافت میں نووارد انٹرن نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس تبدیلی کو بھانپ لیا اور اس سے متعلق وزیراعظم آفس سے استفسار کیا۔
جواب میں وزیراعظم آفس نے اس بات کی تصدیق کی کہ وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن اور کلارک گے فورڈ نے گزشتہ دنوں ایسٹر کے موقع پر منگنی کی ہے۔
خیال رہے کہ جیسنڈا آرڈرن اور کلارک گے فورڈ کافی عرصے سے ایک ساتھ رہتے ہیں اور گزشتہ برس ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش بھی ہوئی ہے۔
دونوں کی پہلی ملاقات 2012 میں ایک ایوارڈ شو کی تقریب میں ہوئی تھی۔
جیسنڈا آرڈرن دنیا کی دوسری خاتون وزیراعظم ہیں جنہوں نے عہدے پر رہتے ہوئے بچے کو جنم دیا، اس سے قبل سابق پاکستانی وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے ہاں بھی وزارت عظمیٰ کے عہدے پر رہتے ہوئے بچے کی پیدائش ہوچکی ہے۔
یاد رہے کہ کرائسٹ چرچ میں مساجد پر آسٹریلوی دہشت گرد کے حملے کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے مسلم کمیونٹی سے سیاہ لباس پہن کر تعزیت کا اظہار کیا تھا۔
وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے لیے اسپتال کا بھی دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے مسلم کمیونٹی سے ملاقات کی اور مسلم خواتین کو گلے لگا کر تسلی دی تھی۔
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کے طرز عمل کو پوری دنیا نے سراہا تھا۔
15 مارچ کو کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں حملے میں 9 پاکستانیوں سمیت 50 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔