کرونا: پاک بحریہ کی ملک بھر میں امدادی کارروائیاں جاری

اسلام آباد (آن لائن) پاک بحریہ کی جانب سے کرونا وائرس کی وباء کے پیش نظر ملک کے مختلف علاقوں میں متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ پنجاب اور خیبر پی کے کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے مستحق خاندانوں کی امداد کے علاوہ پاک بحریہ کے جوانوں نے بلوچستان اور سندھ کے ساحلی علاقوں اور کریکس کے دور دراز علاقوں میں خوراک، دیگر اشیائے ضروریہ اور کرونا وائرس سے بچائو کے لئے حفاظتی سامان تقسیم کیا۔ بلوچستان میں، جیوانی، پشوکان، گوادر اور سر بندر سے ملحقہ دیہی علاقوں میں ہزاروں راشن بیگ تقسیم کیے گئے۔ اورماڑہ، شمال بندر، وندر اور ڈامب کے دور دراز علاقوں میں بھی راشن بیگ اور دیگر اشیائے ضروریہ تقسیم کی گئیں۔ ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کے لیے طبی سامان بشمول پی پی ای اور پی سی آر (پولیمریز چین ری ایکشن) کٹس سندھ میں ٹھٹھہ، سجاول اور بدین کے ضلعی ہسپتالوں کو مہیا کی گئیں۔ کراچی کے مضافاتی قصبوں چھوٹے گوٹھوں اور کریکس سے ملحقہ دیہاتوں کے علاوہ شمس پیر جزیرہ، حاجی اسماعیل گوٹھ اور منوڑہ کے ماہی گیروں کے گھروں میں راشن فراہم کیا گیا۔ امدادی کارروائیوں کو وسیع پیمانے پر جاری رکھنے کے لیے کریکس کے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں پاک بحریہ کے ہوور کرافٹس بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔ پاک بحریہ کے دستوں نے پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے صوبوں میں بھی امدادی سامان تقسیم کیا اور بہاولپور، فیصل آباد، حافظ آباد، لاہور، نارووال، سیالکوٹ، پسرور،ڈی آئی خان، مردان اور چترال کے چھوٹے چھوٹے گاؤں اور قصبوں تک امدادی سامان کی ترسیل یقینی بنائی۔ ان علاقوں کے متاثرہ خاندانوں اور مقامی ہسپتالوں میں ہزاروں ٹن راشن، نقد رقم اور طبی حفا ظتی سامان تقسیم کیا گیا علاوہ ازیں سیالکوٹ کے ایک گاوں میں پاک بحریہ کی جانب سے مفت میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا جس میں مریضوں کو کرونا سے متعلق معلومات، ضروری علاج اور حفاظتی اقدامات کے بارے میں آگہی فراہم کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...