کراچی(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدرخرم شیر زمان نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول صاحب! کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے، 12 سال میں آپ کی جماعت نے کیا کیا؟ اربوں روپے وفاق این ایف سی کی مد میں آپ کو دے رہا ہے، بتایا جائے وہ پیسا کہاں گیا؟۔انصاف ہائوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا کہ ہم پر الزام لگائے گئے کہ وفاق کوئی مدد نہیں کررہا، سندھ میں ناکامی کے ذمہ دار بلاول کے دائیں بائیں بیٹھے لوگ ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے احساس پروگرام کے ذریعے پونے 27 ارب سندھ کے عوام کو دیئے۔خرم شیر زمان کے مطابق احساس پروگرام کے تحت مزدور طبقے کو 200 ارب کا ریلیف پیکیج دیا گیا، بجلی گیس کی صورت میں اربوں روپے کا ریلیف دیا گیا اور کسانوں اور زرعی شعبے کوبھی ریلیف دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جو مرتا ہے اسے کورونا میں ڈال دیا جاتا ہے۔ ہمیں مجبور نہ کریں۔ کوئی ایس او پیز بنادیں۔خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ حکومت کو وفاق کی طرف سے حفاظتی لباس کے علاوہ سینیٹائزرز، ماسک اور دیگر سامان فراہم کیا گیا۔ بلاول بھٹو 5 فیصد جائیداد بیچ کر غریب کی مدد کریں گے تو بھی کام ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ غلط بیانی سے کام لیا اور الزام لگائے گئے کہ وفاق کوئی مدد نہیں کر رہا۔ وہ معصوم ہو کر وزیراعلی کے ساتھ بیٹھے تھے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سندھ میں ناکامی کے ذمہ دار بلاول بھٹو کے دائیں بائیں بیٹھے لوگ ہیں۔
بلاول صاحب! کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے، خرم شیر زمان
May 03, 2020