پنجاب میں مرحلہ وار کاروبارکی اجازت دینے کے لئے ایس او پیز تیار کر لئے گئے ہیں:وزیراعلیٰ پنجاب

May 03, 2020 | 14:14

ویب ڈیسک

لاہور: پنجاب حکومت نے پنجاب میں مرحلہ وار کاروبار کی اجازت کے لئے ایس او پیز تیار کر لیے اور سفارشات تیار کرکے وفاق کو بھجوا دیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اپٹما کے سربراہ گوہر اعجاز کی قیادت میں صنعتکاروں اور تاجر برادری کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی جس میں صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عرفان اقبال شیخ،عدیل بشیر، احمد ظفر، پرویز لالہ،اکبر شیخ،ایس ایم نبیل،صوبائی وزراء میاں اسلم اقبال، ہاشم جواں بخت، فیاض الحسن چوہان، وائس چیئرمین ایل ڈی اے شیخ عمران، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام موجود تھے۔ملاقات میں صنعتکاروں اور تاجر برادری کے مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صنعتکاروں اور تاجر برادری کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ حکومت صنعتکاروں اور تاجر برادری کے لئے مزید آسانیاں پیدا کرے گی۔کاروبار چلنے سے ہی عام آدمی کو روز گار ملے گا،کورونا وباء کے باعث سب سے زیادہ مشکلات کا شکار عام آدمی ہے،ہمارا مقصد عام آدمی کی مشکلات کاازالہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں مرحلہ وار کاروبارکی اجازت دینے کے لئے ایس او پیز تیار کر لئے گئے ہیں،صنعتکاروں اور تاجر برادری کو وضع کردہ ہدایات پر عملدرآمد کرنا ہوگا،ایس او پیز کی خلاف ورزی پر انڈسٹری کو بند کر دیا جائے گا، روڈ سیکٹراور بلڈنگ کے علاوہ کنسٹرکشن سے متعلقہ دیگر انڈسٹری کو کھولنے کی اجازت دی جائے گی،سفارشات تیار کر کے وفاقی حکومت کو پیش کردی ہیں، حکومت کی مشاورت سے ایکسپورٹ سیکٹر سے منسلک فیڈنگ انڈسٹری کو بھی کھولا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاور لومزکو کام کرنے کی اجازت دے رہے ہیں،ایسی تمام فیکٹریز جن کے اندر اپنی لیبر کالونیاں موجود ہیں انہیں بھی کھولنے کی سفارش کی ہے،آئرن اینڈ سٹیل انڈسٹری اور ہوم اپلائسسز انڈسٹری کو کھولنے کی تجویز دی ہے اور مارکیٹوں اور بازاروں کومرحلہ وار اوپن کیاجائے گا، زوننگ کر کے مارکیٹوں اور بازاروں کو مخصوص دن اورمخصوص اوقات میں کھولنے کی تجویز ہے، تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مارکیٹیں اور بازار کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا،صنعتکاروں اورتاجر برادری کے مسائل کے حل کے لئے صوبائی وزیر صنعت کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ہے۔
اپٹما کے سربراہ گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا وباء میں فرنٹ لا ئن پر کام کر کے عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کی ہے،وزیراعلیٰ عثمان بزدار حقیقی معنوں میں وسیم اکرم پلس ثابت ہوئے ہیں،صنعتکاروں اور تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے اقدامات کو سراہتے ہیں۔ 

مزیدخبریں