لاہور(سپورٹس رپورٹر )قومی ٹیم کے بائولنگ کوچ وقار یونس فاسٹ بائولر حسن علی کے ہمت نہ ہارنے والے رویے سے متاثر ہو گئے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ حسن علی نے جس طرح کم بیک کیا ہے اس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔حسن علی لگ بھگ 2 برس فٹنس مسائل سے جنگ لڑتے رہے اور اس دوران انہیں پسلیوں میں فریکچر بھی ہوا، قومی ٹیم سے ڈراپ ہوئے، سنٹرل کنٹریکٹ بھی نہ ملا، پہلی مرتبہ ڈومیسٹک کرکٹ میں کم بیک کی کوشش کی، کامیاب نہ ہوئے اور پھر نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں ری ہیب کیا، پھر گزشتہ برس قائد اعظم ٹرافی کے وسط میں ایسا شاندار کم بیک کیا کہ دنیا نے دیکھا، جنوبی افریقہ کیخلاف ہوم سیریز اور اب زمبابوے کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں پرفارمنس سب کے سامنے ہے۔ حسن علی میچ ونر اور حیران کر دینے والا کرکٹر ہے، بائولنگ ہو، بیٹنگ یا فیلڈنگ، 100 فیصد جان مارنے کیلئے تیار رہتا ہے۔ حسن علی نے جس طرح کم بیک کیا ہے اس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، حسن علی کا شاندار کم بیک کرنا ان کے ہمت نہ ہارنے والے رویے کا نتیجہ ہے۔ حسن علی ذہنی طور پر بہت مضبوط ہے، وہ ایک شاندار کریکٹر ہے، میں ہمیشہ حسن علی کے ساتھ اپنی مثال دیتا ہوں، مجھے بھی کیرئیر میں کمر کی تکلیف رہی، لوگوں نے مجھے بہت مایوس کر دیا تھا، حسن علی کی طرح مجھے بھی لوگوں نے کہا کہ میرا کیرئیر آگے نہیں بڑھے گا لیکن رویہ اگر ہمت نہ ہارنے والا ہو تو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا اور کامیابی ملتی ہے۔ حسن علی کو جب بھی بال دو مایوس نہیں کرتا، اس نے مجھے بہت متاثر کیا ہے۔وقار یونس آسٹریلیا میں اہلیہ کی سرجری کی وجہ سے زمبابوے کے خلاف سیریز کیلئے دستیاب نہیں تھے، وہ ان دنوں سڈنی میں اپنے گھر جانے سے قبل 14 روز کا سخت قرنطینہ مکمل کر رہے ہیں جس کے ابھی چند روز باقی ہیں۔