گوجرانوالہ‘وزیر آباد‘ حافظ آباد، گکھڑ منڈی‘ فیروزوالا‘ نارووال‘ چنیوٹ (نامہ نگاران+ نمائندگان) چنیوٹ میں اسسٹنٹ کمشنر لالیاں فضل عباس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کر کے گندم کی 11 ٹرالیاں قبضہ میں لے لیں۔ 6000 تھیلے ضلع جھنگ سمگل کئے جا رہے تھے۔ پکڑی گئی گندم سرکاری مرکز پر محفوظ کر دی گئی ہے۔ نارووال سے نامہ نگار کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر سیدہ تہنیت بخاری نے خصوصی ٹیم کے ہمراہ کریک ڈائون کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں ذخیرہ کی جانے والی 26000 ہزار (50کلوگرام) بوری گندم کو اپنی تحویل میں لے کر متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کی ہے۔ وزیرآباد سے نامہ نگار کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد عامر محمود نے اطلاعات پر وزیرآباد کے مختلف علاقوں کوٹ حضری، رکھ بھروکی، عادل گڑھ، ڈھونیکی اور گنیانوالہ سمیت دیگر علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے گوداموں میں ذخیرہ کی گئی گندم کی 22800 بوریاں برآمد کر کے سرکاری گوداموں میں منتقل کروا دیں۔ بچیانہ میں 100بوری برآمد‘ مڈل مین گرفتار۔ فیصل آباد/ مکوآنہ سے این این آئی کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ زین العابدین نے بچیانہ میں گودام سے گندم کی ذخیرہ کی گئی 100 بوریاں قبضہ میں لے کر گودام سیل اور مڈل مین کو گرفتار کرا دیا۔ حافظ آباد سے این این آئی کے مطابق ونیکی تارڑ کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ مختلف رائس ملز اور گوداموں پر چھاپے مار کر گندم کی 70ہزار بوریاں برآمد کر لیں۔ اسسٹنٹ کمشنر آصف نواز نے خفیہ ادارے کی اطلاع پر ونیکی تارڑ میں حاجی خان محمد تارڑ رائس ملز پر چھاپہ مار کر گندم کی 50ہزار بوریاں جبکہ ظہیر احمد کے گودام سے 8ہزار، اشفاق احمد اور ممتاز اینڈ کو کے گودام سے تین، تین ہزار، ظہیر احمد چیمہ کے گودام سے 2ہزار جاوید احمد کے گودام سے 1ہزار جبکہ شاہ زیب کے گودام سے 3500بوری قبضہ میں لے کر تمام گودام سیل کر دئیے۔ ذرائع کے مطابق ذخیرہ اندوزوں کے قبضہ سے برآمد ہونے والی گندم کی قیمت تقریبا 17کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ فیروز والا سے نامہ نگارکے مطابق ریونیو کے عملہ نے گندم سے بھرے ہوئے 22 سو تھیلے پکڑ لئے۔ اسسٹنٹ کمشنر تحصیل فیروزوالہ چوہدری مظہر علی سرور کی سربراہی میں ریونیو کے عملے نے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کر کے غیر قانونی طور پر گندم مختلف اضلاع میں سمگلنگ کرنے کی کوشش ناکام بنا دی اور متعدد ٹرالیاں قبضہ میں لے لیں۔