ریاض (این این آئی)سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کی ہے اور ان سے علاقائی صورت حال اور تمام محاذوں پرمشترکہ اقدامات سے متعلق تبادلہ خیال کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہزادہ فیصل اور شیخ محمد نے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور انھیں تمام شعبوں میں مزید فروغ دینے کے طریقوں سے متعلق گفتگو کی ہے۔انھوں نے علاقائی سطح پر ہونے والی پیش رفت اور باہمی دلچسپی کے عالمی امور پر بھی بات چیت کی ہے۔ سعودی وزیرخارجہ نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزاور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا نیک تمناں پر مبنی پیغام پہنچایا ہے۔انھوں نے متحدہ عرب امارات کے برادرعوام کی مزید ترقی اور خوش حالی کے لیے خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ابوظبی کے ولی عہد نے بھی جواب میں شاہ سلمان اور ولی عہد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
سعودی وزیرخارجہ کا ابوظہبی کے ولی عہد سے علاقائی ، عالمی صورتحال پرتبادلہ خیال
May 03, 2021