نااہل لیگ، کرپٹ اور دھاندلی زدہ جماعت ہے، شہباز گل 

May 03, 2021

اسلام آباد(خبرنگار خصوصی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی انتخابی اصلاحات کی پیشکش پر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ہرزہ سرائی سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) شفاف الیکشن کی حامی نہیں۔ مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے درباری انتخابی اصلاحات کے حوالے سے جتنی مرضی بے سروپا باتیں کر لیں، عوام کو دھوکا نہیں دے پائیں گے، نااہل لیگ، کرپٹ اور دھاندلی زدہ جماعت ہے اور یہ بات پوری دنیا جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کی اصل عزت شفافیت ہے جس کو وزیراعظم عمران خان بحال کرنے کیلئے کوشاں ہیں لیکن دوسری جانب ووٹ کو عزت دینے کے جعلی دعویدار انتخابی اصلاحات سے راہ فرار کے متمنی ہیں۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ انتخابی اصلاحات پر ہرزہ سرائی سے معلوم ہوتا ہے کہ نااہل لیگ انتخابات میں شفافیت کی حامی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نااہل لیگ والے جس قدر بھی چیخیں، روئیں، پیٹیں، انتخابی اصلاحات ہو کر رہیں گی۔ ڈاکٹر شہباز  گل نے کہا کہ شفافیت کے ذریعے آئندہ عام انتخابات میں انصاف اور تحریک انصاف کا بول بالا ہوگا۔

مزیدخبریں