کرونا‘ ری شیڈولنگ سکیم کے تحت ساڑھے 6کھرب کے قرضے مؤخر ہوئے: سٹیٹ بنک

اسلام آباد (اے پی پی) کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کی کوششوں کے ضمن میں سٹیٹ بنک کے قرضہ موخر و ری شیڈول کرنے کی سکیم کے تحت اب تک 6کھرب 57  ارب 16 کروڑ20 لاکھ روپے مالیت کے قرضوں کو ایک سال کیلئے موخرکر دیا گیا ہے۔ سٹیٹ بنک کی جانب سے اس حوالے سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اصل زر کی ادائیگی ایک سال کیلئے موخرکرنے کی سکیم کے تحت16 اپریل2021 ء تک سٹیٹ بنک کو 18لاکھ83 ہزار 552 درخواستیں موصول ہوئیں۔ ان میں سے18لاکھ 25ہزار 466 درخواستوں کی منظوری دی گئی ہے اور 6کھرب 57 ارب 16 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کے قرضوں کوایک سال تک کیلئے موخرکیا گیا۔ اسی طرح اس سکیم کے تحت 2 کھرب 53 ارب 61کروڑ90 لاکھ روپے سے زائد کے قرضوں کی ری سٹرکچرنگ، ری شیڈولنگ کی منظوری دی گئی ہے۔ اس سکیم کے تحت صارف قرض کا اصل زر ایک سال موخر کرنے کی مشروط اجازت دے دی گئی ہے۔ یہ سہولت ان صارفین کیلئے ہے جن کی ادائیگیاں31 دسمبر تک باقاعدہ ہوں۔ قرض ادائیگی مئوخر کرنے پر بنک کوئی فیس یا سود چارج نہیں کریں گے۔ 

ای پیپر دی نیشن